سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی ہے، کیونکہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ آئندہ لوگ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔
صادق آباد میں ن لیگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہو ئے مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں اور عوام اپنے ہر دل عزیز لیڈر پر محبتیں نچھاور کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو نااہل کیا تو خواجہ آصف کی آمد پر شہر امڈ آیا کیوں کہ خواجہ آصف وفادار آدمی ہیں اور انہوں نے نوازشریف سے وفا نبھائی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا یہ قصور تھا کہ اس نے جھکنے اور اوپر والوں سے آڈر لینے سے انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا بلوچستان کی حکومت نواز شریف نے ختم کی تھی اور زرداری عمران گٹھ جوڑ بھی نواز شریف نے کرایا تھا؟
مریم نواز نے عوام سے کہا کہ ان ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا اور 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا۔