• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سیاسی منظر نامہ ، نثار نےحقیقت پسندانہ روش کا کلچر پروان چڑھایا

اسلام آباد (طاہر خلیل) پارلیمنٹ ہائوس میں فنانس بل کی گفتگو جب چوہدری نثار علی خان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے گاہے گاہے چلنے والی قیاس آرائیوں کی جانب مڑی تو پارلیمنٹیر ینز کے گروپ میں شامل ہر کوئی پختہ یقین کے ساتھ متفق تھا کہ چوہدری نثار اپنے طرز سیاست کی بنیاد پر کہیں نہیں جائیں گے ۔ وہ مسلم لگ (ن) کا حصہ ہیں اور حصہ ہی رہیں گے ۔یہی بات مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق بھی کہہ چکے تھے جن سے چوہدری نثار کی حال میں ایک تفصیلی نشست ہوئی تھی۔29 اپریل کو مینار پاکستان کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے پی ٹی آئی کے کئی رہنما ایک دعویٰ یہ بھی کرتے رہے کہ جلسے کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ایک بڑی وکٹ گرنے والی ہے پھر کئی روز ،بیشتر ٹاک شوز اسی مفروضے کی بحث پر مرکوز ہے کہ چوہدری نثار علی خان مسلم لیگ (ن) سے الگ ہو کر تحریک انصاف جوائن کرنے والے ہیں۔چوہدری نثار کا طرز سیاست جاننے والے بخوبی آگاہ ہیں کہ 1985 سے آج تک انہوں نے مستقل مزاجی سے اچھے برےہروقت میں میاں نواز شریف کا ساتھ دیا۔ انہیں 1985 سے اب تک 8 مرتبہ مسلسل ایم این اے کی نشست پر کامیابی کا منفرد اعزازبھی حاصل ہے۔بدترین مخالفین بھی ان کے خلاف کرپشن کے ضمن میں کوئی بات نہیں کر پاتے۔وہ پارٹی کے ان چند لوگوں میں شامل ہیں جو کسی بھی معاملے پر پارٹی قیادت کے سامنے لگی لپٹی کے بغیر دو ٹوک اظہار جرات رکھتے ہیں اوریوں پارٹی کے اندر خوشامد اور چاپلوسی کی بجائے حقیقت پسندانہ روش کے کلچر کو فروغ دیا۔ چوہدری نثار واحد رہنما تھے جنہوں نے پانامہ کے معاملے کو سپریم کورٹ میں لے جانے کی مخالفت کی تھی۔ بعدازاں انہو ں نے میاں صاحب جے آئی ٹی میں پیش نہ ہونے کی تجویز بھی دی لیکن اصولی اختلاف کی بنیاد،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدمزاحمتی سیاست اپنانے پر تھی۔اس دلیل میں وزن بھی تھا کہ ماضی سےاب تک 28 مقدمات میں میاں نواز شریف کو عدالتوں سے ہی ریلیف ملا تھا۔ان کا گلہ ہے کہ مخلصانہ مشوروں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی سے بڑھ کر "بغاوت "کا روپ دے دیا گیا اور یوں ایک کے بعد دوسرے فیصلے سے فاصلے بڑھتے گئے۔ مشاورتی عمل پھر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، مرکزی عاملہ اور اسکے بعد 2 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل پارٹی جنرل کونسل کی فہرست سے بھی خارج کر دیا گیا ۔

تازہ ترین