صادق آباد‘رحیم یارخان(نمائندگان جنگ) سابق وزیراعظم نوازشریف نےکہاہےکہ عمران خان صاحب آپ کے ساتھ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں‘ آپ تو کوئی شے ہی نہیں ہو‘ زرداری صاحب نوازشریف کا آپ کے ساتھ بھی کوئی مقابلہ نہیں‘بلکہ میرا مقابلہ نادیدہ خلائی مخلوق کیساتھ ہے‘ اگلے 70 سال ایسےنہیں ہونگےجیسےگزشتہ 70 سال گزرے ہیں‘ میں نے عوام کی خدمت کی‘ اندھیرے دورکئے‘ دہشتگردی ختم کی‘ موٹر ویز بنائے‘ ہم نے پاکستان میں دہشت گردی ختم کی اورکراچی کا امن بھی بحال کیا‘ آئندہ الیکشن کو الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم اور انقلاب سمجھا جائے جبکہ مریم نواز نے کہا کہ عوام جا جذبہ بتا رہا ہے لوٹوں کی دال گلنے والی نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات صادق آباد میں جلسہ عام سےخطاب کرتےہو ئے نوازشریف نےکہاکہ صادق آباد کے عوام نے آج جواتنی زیادہ محبت اور پیار دیاہے ہمیشہ یادرکھوں گا‘عوام کی خدمت کررہا تھا تو مجھے روک دیا گیا‘نوازشریف آج بھی ملک اورعوام کی خدمت کررہاہے‘ عمران خان اورآصف زرداری کیساتھ میراکوئی مقابلہ نہیں بلکہ میرا مقابلہ نادیدہ خلائی مخلوق کیساتھ ہے‘ نواز شریف نےکہا کہ تحریک انصاف قوم سے مذاق کر رہی ہے، انہیں کرکٹ کھیلنےکے علاوہ کوئی کام نہیں‘میں نے اپنے دور میں کراچی کاامن بحال کیا‘لوڈشیڈنگ کاخاتمہ کیا‘ملک سےدہشتگردی کاخاتمہ کیاجبکہ لاہور سے کراچی موٹروےبن رہی ہےجوبہت جلد مکمل ہوجائےگی‘ضلع رحیم یارخان میں اغوا برائے تاوان کی واراتیں عروج پرتھیں جنہیں مسلم لیگ ن کی حکومت نےختم کیا۔اگلےچندماہ میں موٹروےمکمل ہونےجارہی ہے‘صادق آباد‘رحیم یارخان کےعوام اسی موٹرو ے سے لاہور ‘ کراچی اوراسلام آبادجائیں گے‘بیٹےسےتنخواہ نہ لینےپر مجھے گھر بھیج دیاگیامگر ملک کےکروڑوں عوام آج بھی میرے ساتھ کھڑےہیں‘ شہباز شریف نے اس قوم اور صوبے کی خدمت کی ہےکھیتوں سے منڈیوں تک سٹرکوں کےجال بچھائے گئے غریبوں کےمفت علاج معالجہ کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کئےگئے‘ اگر ملک کےعوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا توبرسراقتدار آکرپورے ملک کےعوام کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات کیلئے کارڈ جاری کریں گے‘انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن کو الیکشن نہیں بلکہ ریفرنڈم اور انقلاب سمجھا جائے‘ہمارامنشورہےہرغریب کو چھت اورگھردیں گے‘ صادق آباد سے چندرامی‘ رحیم یارخان اور ٹلو روڈ کو دو رویہ بنایاجائے گا‘ ممتازعلی خان چانگ اور انکے ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے آج ہمارے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتےہوئےمریم نوازنےکہاکہ آج کےجلسہ نے ثابت کردیاکہ عوام آج بھی ن لیگ کیساتھ کھڑےہیں عوام کاجذبہ بتارہاہےکہ لوٹوں کی دال گلنے والی نہیں‘پارٹی چھوڑ کر جانیوالوں کاآئندہ الیکشن میں براحال ہوگا‘نااہلی کےبعد سیالکوٹ کےلاکھوں عوام نےخواجہ آصف کا تاریخی استقبال کیا‘انھوں نےکہاکہ نواز شریف کسی جرم اور الزام کے بغیر جے آئی ٹی کے سامنے نہ صرف خود پیش ہوئے بلکہ بیٹے‘ بیٹی اور بھائی بھی پیش ہوئے اور ناکردہ گناہوں کے جواب بھی دئیے ، آج تک نوازشریف پر ایک پائی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا ہے نواز شریف کیس کا فیصلہ آنےسےقبل ہی تین دفعہ سزاسنادی گئی‘ ظلم اور انتقام کا نشانہ بنایا گیا ، مریم نوازنےکہاہ آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ کو عزت دیتےہوئےشیرکےنشان پرمہرلگاکرنوازشریف کاساتھ دیں‘ انتخابات میں سیاسی مخالفین کو عبرتناک شکست ہو گی‘کیونکہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ آئندہ لوگ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا یہ قصورتھاکہ اس نےجھکنے اور اوپروالوں سے آرڈر لینے سے انکار کردیا تھا۔انہوں نے پوچھا کہ کیا بلوچستان کی حکومت نوازشریف نےختم کی تھی اورزرداری عمران گٹھ جوڑبھی نوازشریف نےکرایا تھا۔جلسہ میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد شفیق‘ وزیر مملکت صنعت وپیداوارسردارارشدخان لغاری‘چیئرمین ضلع کونسل سرداراظہرلغاری‘رکن قومی اسمبلی میاں امتیاز احمد‘ رکن صوبائی اسمبلی سیٹھ کانجی رام‘چیئرمین بلدیہ چوہدری شفیق پپا‘ چوہدری اظہرشفیق‘ سردار صفدرلغاری‘ میاں فرہاد علی‘ حاجی خادم حسین‘حافظ عبدالرزاق‘ میاں ناصر علی‘ عبدالصبور چوہدری‘ سابق صوبائی وزیر چوہدری شوکت داؤد‘ میاں خالد شاہین و دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے ۔ جلسہ میں پیپلزپارٹی پنجاب کےرہنما ممتازعلی خان چانگ نےچیئرمین یونین کونسل‘ کونسلرزاور ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت کااعلان کیا۔