کراچی ( ٹی وی رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیاسی قائدین کو خواتین کیخلاف نازیبازبان استعمال کرنے والوں کیخلاف ایکشن لینا چاہئے،نواز شریف کو جب مینڈیلا بننے کا موقع ملا تو ملک چھوڑ کر چلے گئے ،حامد سعید کاظمی کو عدالت نے انہیں باعزت کیا، اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کیا تو نئے ایئرپورٹ کا نام بھی بینظیر بھٹو کے نام پر ہی رکھنا چاہئے تھا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پید اوا ر رانا تنویر حسین اور تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود بھی شریک تھے۔شفقت محمود نے کہا کہ عابد شیرعلی اور رانا ثناء اللہ ماضی میں بھی خواتین کی تضحیک کرتے رہے ہیں، نواز شریف کے 85ء اور آج کے اثاثوں میں کئی ارب ڈالرز کا فرق ہے، نواز شریف کے نظریاتی ہونے پر ہنسی آتی ہے، احتساب کا پھندہ گلے میں پڑتے ہی نواز شریف اچانک نظریاتی ہوگئے، چوہدری نثار پی ٹی آئی میں آئے تو انہیں ویلکم کریں گے۔رانا تنویر نے کہا کہ شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ کے جملوں پر معذرت بھی کی ہے، سزا یافتہ نواز شریف غیرسزایافتہ نواز شریف کی نسبت زیادہ خطرناک ہوگا، نواز شریف سویلین بالادستی اور ووٹ کا تقدس چاہتے ہیں۔ شازیہ مری نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں خواتین کی تضحیک کرنے کیخلاف متفقہ قرارداد خوش آئند ہے، سیاسی قائدین کو خواتین کیخلاف نازیبازبان استعمال کرنے والے رہنماؤں کیخلاف ایکشن لینا چاہئے، شہباز شریف کا رانا ثناء اللہ کے معاملہ پر سوشل میڈیا پر بیان آیا لیکن اس سے مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مثالیں دینا نامناسب ہے، بھٹو کو پھانسی لگانے والے نواز شریف کے مینٹور جنرل ضیاء الحق تھے جس کی قبر پر جاکر نواز شریف نے بہت سے عہد کیے، نواز شریف کا نظریہ جنرل ضیاء کے مشن کو آگے بڑھانا تھا، ن لیگی قائدین ججوں کو فون کر کے بینظیر بھٹو کو سزا دینے کیلئے کہتے رہے، نواز شریف کو جب مینڈیلا بننے کا موقع ملا تو ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ شفقت محمود نے کہا کہ عابد شیرعلی اور رانا ثناء اللہ ماضی میں بھی خواتین کی تضحیک کرتے رہے ہیں، خواتین سے متعلق ایسی واہیات اور بیہو د ہ بات کرنا قابل مذمت ہے،نواز شریف پر عدالت میں الزام ثابت ہوجاتا ہے تو ان کو بھی دیگر لوگوں کی طرح سزا ہونی چاہئے، نواز شریف کے 85ء اور آج کے اثاثوں میں کئی ارب ڈالرز کا فرق ہے، شریف فیملی کی ساری ملیں اس وقت خسار ے میں رہتی تھیں، نیب کا حالیہ احتساب سیاست سے بالاتر نظر آرہا ہے۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے نظریاتی ہونے پر ہنسی آتی ہے، احتساب کا پھندہ گلے میں پڑتے ہی نواز شریف اچانک نظریاتی ہوگئے۔