کوئی بھی خوبصورت گھر آرائشی اشیاء کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا ان اشیاء کا استعمال گھر کی ایسی ضرورتوں میں کیا جاتا ہے جو کہیں چھوٹے سے گھر کی دلکشی میں کئی گنا اضافہ کر تاہے تو کہیں بڑے گھر کو جدت کے تمام تقاضوں سے سنوار دیتا ہے ۔اسی غرض سے گھر چھوٹا ہو یا بڑااس میں مختلف اقسام کی آرائشی اشیاء کا استعمال لازمی کیا جاتا ہے۔ ان اشیاء میں ڈائننگ ٹیبل،پردے ،آرائشی پینل ، ڈیکوریشن پیسز،آرٹ کے مختلف اور خوبصورت فن پارے ،لیمپ وغیرہ شامل ہیں تاہم آج ہم اپنے مضمون میں جس سجاوٹی چیزکاذکر کرنے جارہے ہیں وہ ان سے تھوڑی منفرد ہےاور ان سجاوٹی شےکو عام طور پر’’کونسول ٹیبل،، کہا جاتا ہے۔
جی ہاں اگرچہ ہم میں سے کئی لوگ اسی دیکھتے ضرور ہیں لیکن اس کے استعمال اور اہمیت سے اتنی آگاہی نہیںرکھتے جتنی کہ ہمیں ہونی چاہیے۔ چنانچہ ہم نے سوچا کیوں نہ آج ہم اپنے قارئین کو ان سجاوٹی اشیاء’’ کونسول ٹیبل،، کے بارے میںوہ معلومات فراہم کریںجن سے استفادہ کرنے کے بعد وہ اس کے استعمال کو لازمی تصور کرلیں۔
’’کونسول ٹیبل ،، یایوں کہیں ایک ایسی ورسٹائل میز جو گھر میں نہ صرف کہیں بھی رکھی جاسکے بلکہ جگہ کی مناسبت اور اپنی ساخت کے باعث گھر کے کسی بھی حصے کی دلکشی میں اضافہ کرسکےاور یہ اضافہ مکینوں سمیت آنے والے مہمانوں کی توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ بھی بن جائے ۔
کونسول ٹیبل کا استعمال گھر میں ایک نہیںکثیر مقاصد کے حصول کے لئے کیا جاسکتا ہے۔ ایک طرف اس آرائشی سامان کے ذریعے آپ گھر کی سجاوٹ اور چکا چوند میں اضافہ کرتے ہیں تو دوسری طرف اپنی ضرورت اور سامان کو محفوظ رکھنے کے لئے بھی اس میز کا استعمال بآسانی کیا جاسکتا ہے ۔ یہ گھر میں رکھاجانے والا ایک ایسا فرنیچر کا ٹکڑا ہے جو مکمل فرنیچر کی موجودگی کے بغیر بھی تنہا اپنی مثال آپ ہے ۔
کونسول ٹیبل کی خریداری سے پہلے ضروری ہے کہ آپ اس کی اصل جگہ سے متعلق پہلے سوچ لیں یا اپنا مائنڈ بنالیں کہ اس آرائشی شےکا استعمال آپ نےگھر کی داخلی جگہ پر کرنا ہے یا پھر ٹی وی لاؤنج یا اسٹڈی روم میں ۔ایسا کرنااس لئے ضروری ہے کہ آپ اس ارادہ کے بعد کونسولز کے مختلف اسٹائل میں سے اپنی جنت کے لئےبہترین کونسولز کا انتخاب بآسانی کرپائیں گے ۔
کونسول ٹیبل کثیر المقاصد استعمال کیا جاناوالافرنیچر پیس ہےتاہم اکثر خواتین اس کے استعمال یا سجاوٹ سے متعلق بھی خاصی پریشان نظر آتی ہیںچنانچہ اس پریشانی کا حل بھی آج ہم نے آپ کےلیے ڈھونڈ لیا ہے آج ہم بات کریں گےکونسول کے ان مختلف استعمالات پر جن کے ذریعے آپ کی یہ مشکل بآسانی حل ہوجائے گی تو آئیے بات کرتے ہیں ان اہم موضوعات پر
راہداری میں
کونسول ٹیبل کی سجاوٹ کے لئے سب سے بہترین جگہ آپ کےگھر کی اینٹرینس( entrance)ہے ۔ گھر کا داخلی حصہ وہ جگہ ہےجہاں مہمانوں کی سب سے پہلے نظر پڑتی ہے یہ جگہ جتنی خوبصورت اور منظم طریقے سے ڈیکوریٹ ہواتنا ہی آپ کے مہمان آپ کے ذوق سے متاثر ہونگے ۔اگر آپ بھی گھر کے اس حصےکی سجاوٹ کی خواہش رکھتے ہیںتو کونسول ٹیبل کا اضافہ ضرور کیجئیے لکڑی اور دھات یا پھر آئرن کی بنی کو نسول ٹیبل پر پھولوں کے فریم سے آراستہ آئینہ،پھولوں کا گلدان یا پھر آپ کی فیملی کی کوئی تصویر اس میز کی سجاوٹ کے لئےایک بہترین انتخاب ہے۔
دوسری جانب آپ اس کے اندرونی حصہ کو کور کرنے کے بعد اس میں جوتوں کا ریک یا کوئی دوسری گھریلو اشیاء جنھیں آپ محفوظ کرناچاہیں بآسانی کرسکتے ہیں۔
آفس ٹیبل، وہ بھی آپ کے اپنے گھر
اکثر لوگ آفس کا کام گھر پر کرنا پسند کرتے ہیں ایسے حضرات کے لئے ضروری ہے کہ کام کی جگہ آرام دہ اور پرسکون ہو ۔کونسول ٹیبل کا استعمال آپ آفس ٹیبل کے لئے بخوبی کرسکتے ہیں۔اس ٹیبل کو آپ لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر، ٹیبل لیمپ،فائل ، اور نوٹ پیڈ رکھنے کے لئے استعمال کیجئیے اپنی تمام ضروری اشیاء اس میز پر نہایت سلیقے سے رکھ دیں اب اگر کمی ہے تو بس آپ کے لئے ایک آرام کرسی کی، جس کے بعد آپ کا آفس کم جگہ پر آپ کی من پسند جگہ پر تیار ہوجائے گا۔
ٹی وی اسٹینڈ
گھر میں آپ کا ٹی وی لاؤنج خاصی اہمیت رکھتا ہے اور جب بات ہو کسی چھوٹے اپارٹمنٹ کی تو ایک محدود جگہ پر ٹی وی کیسے اور کہاں رکھناخاصا متاثر کن عمل ہے ۔اگر آپ ٹی وی اسٹینڈ کے طور پر کنسولزٹیبل کا استعمال کریں یہ بھی ایک منفرد عمل ہے لیکن اس تجویز کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ جب بھی آپ ٹی وی کے لئے کسی اسٹینڈ کا انتخاب کریں وہ اتنا مضبوط ضرور ہو کہ آپ کے ٹی وی کا بوجھ اٹھاسکے دوسری جانب اگر آپ ایل سی ڈی ،یا ایل ای ڈی کا استعمال کررہے ہیںتو دیوار پر جس جگہ بھی آپ اپنا ٹی وی نصب کریں اس کی نچلی سطح پر کنسولز ٹیبل کا استعمال بھی بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ٹی وی لاؤنج میں استعمال کی جانے والی کونسولز ٹیبل میں آپ اسپیکر،گیمز،سی ڈیز وغیرہ کا ذخیرہ بطور سجاوٹ بھی کرسکتے ہیں۔
بطور ڈریسنگ ٹیبل
اگر آپ کے بیڈ روم میں ڈریسنگ ٹیبل موجود نہیں ہے تو آپ کونسولز ٹیبل کو بطورڈریسریا ڈریسنگ ٹیبل بھی استعمال کرسکتے ہیں۔اگر آپ بیڈروم میں فرنیچر کے اس ٹکڑے سے سجاوٹ کے خواہشمند ہیں تو اس فرنیچر سے میچ کرتے رنگ میں اپنے روم کی زینت بنالیں اس پر آپ اپنے میک اپ کی اشیاءا ور گلدان کا اضافہ کرکے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔بیڈروم میں کونسولز ٹیبل کے استعمال کے لئے ضروری ہے کہ آپ کی یہ ٹیبل اول تو فرنیچر سے مختلف نہ لگے ساتھ ہی اس کے لئے کرسی کی خریداری لازمی کریں کیونکہ ڈریسنگ ٹیبل کرسی بنا ادھوری سی لگتی ہے۔
ڈرائنگ روم میں کونسولز ٹیبل کا استعمال
ڈرائنگ روم میں کونسولز ٹیبل کااستعمال بھی ایک شاندارآئیڈیا ہے۔ یہاں آپ اس سجاوٹی سامان کے ذریعے گھر کی جدت میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں ۔آپ لیونگ روم کےکسی بھی حصے پر کونسولز ٹیبل ایک کارنر میں رکھ کر اس پر گلدان یا کسی بھی قسم کے ڈیکوریشن پیسز سمیت اوپری سطح پرشیشے کاا ضافہ کرکے ڈرائنگ روم کی شان و شوکت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔