• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور مریم نواز خالی کاغذ پر دستخط کرکے احتساب عدالت روانہ ہوئے

اسلام آباد(بلال عباسی، خصوصی رپورٹ) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز خالی کاغذ پر دستخط کر کے احتساب عدالت سے روانہ ہوئے۔ جمعہ کو عمران خان کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز دن گیارہ بجے احتساب عدالت پہنچے، نواز شریف کو بتایا گیا کہ آپ کے کیس کی سماعت صبح ساڑھے نو بجے سے جاری ہے۔ فاضل جج نے پونے بارہ بجے سماعت میں آدھے گھنٹے کا وقفہ کیا جس کے بعد نواز شریف نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ پرویز رشید نے نواز شریف کو کہا کہ میاں صاحب باہر چلیں۔ جس پر نواز شریف نے کہا کہ آج دستخط نہیں کیے ابھی تک، دستخط کرا لیں۔ نواز شریف کی بقیہ کارروائی سے استثنی کی درخواست تیار نہ تھی جس پر نواز شریف کو ایک خالی کاغذ دیا گیا اور کہا گیا کہ آپ اس پر دستخط کر کے جا سکتے ہیں۔ نواز شریف نے خالی کاغذ دینے والے شخص کو دیکھا اور کہا کہ میں خالی کاغذ پر کیسے دستخط کر دوں تاہم نواز شریف نے پاس کھڑے طارق فاطمی سے مشاورت کے بعد خالی کاغذ پر دستخط کیے جس کے بعد مریم نواز نے بھی ایک خالی کاغذ پر دستخط کیے۔ خالی کاغذ پر دستخط کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کیا میں نے اس پر اور کچھ نہیں لکھنا، نواز شریف نے آج کی تاریخ پوچھتے ہوئے کہا کہ اتنی تاریخیں ہو گئی ہیں پتہ نہیں آج کیا تاریخ ہے۔
تازہ ترین