• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کوفتہ اب بھی شاہی پکوان ہے

مختلف اقسام کے گوشت کوپیس کرقیمے میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ قیمہ میں مختلف اجزاء شامل کرکے اس سے پکوان بنائے جاتے ہیں جن میں کوفتے بھی شامل ہیں۔کوفتے بنانے کی افتتاح ایران سےہوئی ، یہیں سے یہ پکوان پورے مشرق وسطیٰ میں مقبول ہوگیا ۔بعدازاں یہ چین کے کھانوں کا حصہ بنا۔قیمہ کو بریڈ کرمبز ، پیاز ، انڈے ، مکھن اور دیگر اشیاء کا اضافہ کرکے گول گیند میں تبدیل کیا جاتا ہے۔اس کچے قیمے کو فرائی ، بیک یا سٹیم کرکے کوفتوں میں تبدیل کیا جاتا ہے ۔کوفتے چکن ، بیف ، مٹن غرض تمام اقسام کے گوشت سے بنایاجاتا ہے۔کوفتے کو بطور سالن روٹی اورنان کے ہمراہ بھی کھایا جاسکتا ہے ، جب کہ اسے چاولوں میں ڈال کر پلاؤ بھی بنایا جاتا ہے ۔ مختلف اقسام کے کوفتے بنانے کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں ۔

کوفتہ اب بھی شاہی پکوان ہے

سادہ کوفتے

اجزاء۔

قیمہ۔ آدھ سیر

گھی۔ آدھ پاؤ

لہسن۔ پانچ تریاں

چنے کی دال۔ چھٹانک بھر

دہی ۔ایک چھٹانک

ادرک۔ تولہ بھر

سبز مرچ ۔چھ عدد

کالی مرچ ،سرخ مرچ ،نمک ،زیرہ ۔حسب ضرورت

ترکیب ۔

ادرک لہسن اور نمک ملا کر قیمہ باریک پیس لیں۔ گول گول کوفتے بنا کر رکھ لیں۔ چنے کی دال ابال کر رکھ لیں۔ پتیلی میں گھی گرم کر یں۔پیاز بادامی کر لیں اور باقی مصالحے ڈال کر بھون لیں۔ اب دہی ڈال کر بھونیں۔ جب مصالحہ گھی چھوڑنے لگے تو دال اور کوفتے ڈال دیں۔ تھوڑا سا پانی بھی ڈال دیں اور دم دے دیں۔ کوفتے تیار ہیں۔

رمضانی کوفتے

اجزاء۔

قیمہ۔ آدھا کلو

پسا گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

خشخاش۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

ناریل کا برادہ۔ ایک کھانے کا چمچ

بیسن (بھنا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

پیاز (موٹی کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

ادرک ،لہسن پیسٹ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

دہی۔ ایک کھانے کا چمچ

بریڈ۔ ایک سلائس

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ (باریک کٹا ہوا)

ہری مرچ۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

مصالحہ بنانے کے لیے اجزاء۔

تیل۔ آدھا کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

پسی لال مرچ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

پسا دھنیا۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

پیاز۔ آدھا کپ (فرائی کی ہوئی)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

پسا ہوا گرم مصالحہ۔ آدھا چائے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ (بھون کر کُٹا ہوا)

ٹماٹر۔ آدھا کپ (پسے ہوئے)

کوفتہ بنانے کی ترکیب۔

گرائنڈر میں خشخاش، ناریل کا برادہ اور بھنا ہوا بیسن ڈال کرگرائنڈ کرلیں اور اسے قیمے میں ڈال کرمکس کرلیں۔ساتھ ہی موٹی کُٹی ہوئی پیاز، ادرک لہسن پیسٹ، نمک، پسی لال مرچ، دہی، پسا گرم مصالحہ، باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا باریک کٹی ہری مرچ اور بریڈ کی سلائس کو کچھ دیربھگو کرقیمے میں شامل کریں اوراچھی طرح مکس کریں۔اب اس کے چھوٹے چھوٹے کوفتے بنا کررکھ دیں۔

گریوی بنانے کی ترکیب۔

سب سے پہلے تیل کو ایک برتن میں ڈال کرگرم کریں اوراس میں ادرک لہسن پیسٹ، پسی لال مرچ، نمک، پسا دھنیا، زیرہ، پسے ہوئے ٹماٹر، فرائی کر کے پسی ہوئی پیاز اور پسا گرم مصالحہ ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔اس میں تھوڑا سا پانی شامل کرکے مزید بھونیں۔ 

مصالحہ تیارہے، اب اس میں کوفتے شامل کریں اوردس منٹ تک پکائیں جب کوفتے گل جائیں اور گریوی گاڑھی ہو جائے تو ثابت ہری مرچیں ڈال دیں۔سجاوٹ کے لئے اوپر سے باریک کترا ہوا ہرادھنیا اورہری مرچ چھڑکیں اور نان کے ساتھ پیش کیجئے ۔

شاہی کوفتے

اجزاء۔

گائے کا قیمہ۔ آدھا کلو

ادرک، لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

کاجو۔ ایک چائے کا چمچ

بادام ۔ایک چائے کا چمچ

مونگ پھلی ۔ ایک چائے کا چمچ(پسی ہوئی)

کھوپرا ۔ ایک کھانے کا چمچ(پسا ہوا)

بھنے چنے ۔ ایک کھانے کا چمچ(پسے ہوئے)

خشخاش۔ایک چائے کا چمچ

دہی۔آدھا کپ

پیاز۔ایک عدد

ہلدی پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب۔

سوس پین میں تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر فرائی کریں ۔

نمک، ادرک لہسن پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر بھونیں اور دہی شامل کرکے گریوی بنالیں۔ پیالے میں قیمہ بھنے چنے، خشخاش، کھوپرا، مونگ پھلی، کاجو، نمک اور بادام شامل کریں اور مکس کر کے کوفتہ بنالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے ہلکا سا فرائی کرکے گریوی میں شامل کرلیں۔ سرونگ ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

کوفتہ مصالحہ

کوفتے بنانے کے لیے اجزاء۔

قیمہ ۔آدھا کلو

انڈہ ۔ایک عدد

پیاز ۔دو عدد( کٹی ہوئی)

ہری مرچیں ۔چھ عدد( پسی ہوئی)

سرخ مرچ ۔ایک کھانے کاچمچ

لہسن اور ادرک ۔ایک کھانے کاچمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ آدھاکھانے کا چمچ

خشخاش پاؤڈر۔ آدھاکھانے کا چمچ

بھنے ہوئے چنوں کا پاؤڈر۔ایک کھانے کاچمچ

گریوی کے اجزاء۔

لہسن،ادرک (پسی ہوئی) ۔ایک کھانے کا چمچ

پیاز ۔دوعدد کٹے ہوئے

سرخ مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

ہلدی۔ ایک کھانےکا چمچ

دہی ۔ایک کپ

آئل۔ آدھا کپ

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب۔

کوفتے کے تمام اجزاء قیمے میں ڈال کر مکس کریں اور اسے پکانے کے بعد 10 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا کر اتارلیں۔دوسرے برتن میں آئل گرم کرکے اس میں ثابت گرم مصالحہ فرائی کرکے بھون لیں، اس کے بعد اس میں آدھا کپ پانی شامل کردیں۔گریوی کے تمام اجزاء ایک ساتھ ملا کر اسے بھنے ہوئے گرم مصالحے میں ڈالیں۔ان تمام چیزوں کو ایک منٹ تک مکس کرنے کے بعد اس میں قیمے کے کوفتے ڈال دیں۔کوفتوں کو گریوی میں مکس کرکے ایک منٹ تک پکانے کے بعد بیس منٹ تک ہلکی آنچ پر رکھیں ۔ گرما گرم روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

اسٹفڈ کوفتے

اجزاء۔

قیمہ۔ایک کلو

پیاز ۔چار عدد

لہسن۔ چار جوے

سرخ مرچ پاؤڈر۔ایک کھانے کا چمچ

ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا

چنے کی دال۔ دو چائے کے چمچ

گرم مصالحہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

ہلدی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

بادام، پستے۔ گارنشنگ کے لئے

سبز کشمش ۔دو چائے کے چمچ

بادام۔ دو چائے کے چمچ

انار دانہ۔ ایک چائے کا چمچ

پو دینہ۔ ایک گٹھی

ہرا دھنیا۔ چند پتے

انڈے۔ دو عدد

خشخاش۔ ایک چائے کا چمچ

دہی۔ایک کپ

گھی۔ایک کپ

ترکیب۔

چنے کی دال قیمے میں ڈال دیں۔ اس میں چار جوے لہسن، نمک، سرخ مرچ پاؤڈر، آدھا گرم مصالحہ پاؤڈر، ایک گٹھی پیاز کاٹ کر ڈالیں۔ اس کے بعد دو کپ پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لئے رکھ دیں۔ جب دال گل جائے اور پانی اچھی طرح خشک ہو جائے تو چولہے سے اتار کر اس میں خشخاش شامل کر کے باریک پیس لیں۔ انڈے پھینٹ کر قیمے میں ملا دیں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔ بادام کی گریاں گرم پانی میں بھگو کر چھلکے اتار کر ہوائیاں کاٹ لیں اورکشمش تل لیں۔ انار دانہ اور پو دینے کی پتیاں پیس کر حسب ذائقہ نمک، لال مرچ پاؤڈر ڈالیں اور چٹنی تیار کر لیں۔حسب ضرورت قیمہ لے کر اس کا خول بنائیں اور اندر چند دانے کشمش ، چند ہوائیاں، بادام ذراسی چٹنی ڈال کر گول کر لیں۔ 

اس طرح سارے قیمے کے کوفتے تیار کر لیں۔ کسی کھلے برتن میں گھی گرم کر کے کوفتے ڈال کر فرائی کر لیں، اس کے بعد نکال کر پلیٹ میں رکھ لیں۔ پتیلی میں گھی گرم کر کے بقیہ تین پیازکے سلائس کاٹ کر ڈالیں۔ اس کے بعد اس میں لہسن، سرخ مرچ پاؤڈر، ادرک، ہلدی پاؤڈر اور دہی ڈال کر بھون لیں اور تھوڑے سے پانی کا چھینٹا دے دیں۔ اس کے بعد اس میں ایک ایک کر کے فرائی کئے ہوئے کوفتے ڈالیں اور چند منٹ بعد اتار لیں۔ اسٹفڈ کو فتے تیار ہیں۔سرونگ ڈش میں نکال کر بادام، پستے اور لیموں سے گارنش کر کے سرو کر یں۔ 

تازہ ترین