• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورے والا، 3 خطرناک ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

بورے والا، 3 خطرناک ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

بورے والا کے قریب قتل ، ڈکیتی اور اغوا برائے تاوان کی سنگین وارداتوں میں مطلوب 3 خطرناک ملزمان مبینہ پولیس مقابلے ہلاک ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق مارنے جانے والے ملزمان نے ایک روز قبل اغوا برائے تاوان کے سلسلے میں بہاولپور سےبلائے گئے ایک مقامی وکیل اور پولیس کانسٹیبل کو دن دیہاڑے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور فرار ہوگئے تھے۔

قتل کے واقعے کے بعد ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر خطرناک ملزمان کو پکڑنے کےلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی،جس نے مخبر کی اطلاع پر قاتل ملزمان کو پکڑنے کےلئے نہر کھادرپل جوئیہ بنگلا پر ناکہ بندی کی ہوئی تھی ۔

پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے مقام سے ایک ڈبل کیبن ڈالہ گزرنے لگا تو اسے پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا ،جس میں سے 4نامعلوم مسلح افراد آتشیں اسلحہ سمیت نیچے اترے اور پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کی تاہم مقابلے میں سرکاری گاڑی کو کافی نقصان پہنچا اس دوران پولیس نے مزید نفری طلب کی، جس پر مدد کے لیے ایس ایچ او تھانہ فتح شاہ نادر خان بلوچ بھی پولیس کے نفری کے ہمراہ مقابلہ کی جگہ پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا عمل رکنے پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو 3  ملزمان فائرنگ سے ہلاک ہوچکے تھے تاہم ایک موقع سے بھاگ گیا۔

مارے جانے والے ملزمان کی شناخت یاسر ڈوگر ولد عبدالستار ڈوگر، معراج احمد ولد ریاض احمد،محمد بوٹا ولد اعجاز احمد سکھیراکے ناموں سے ہوئی ہے،جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ رائفل 44 بور،30 بور کے پستول، میگزین، گولیاں اور واردات میں استعمال ہونے والے موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل ، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور ناجائز اسلحہ کے ایک درجن سے زائد مقدمات درج تھے ملزمان یاسر ڈوگر،بوٹا سکھیراعدالتی مفرور بھی تھے جبکہ ملزم معراج موہل 302کا اشتہاری تھا۔

پولیس نے تمام کاروائی مکمل کر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی سے پوسٹمارٹم کے بعد ملزمان کی نعشیں پولیس کی بھاری نفری کی نگرانی میں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیں

دریں اثناءپولیس نے اغواءبرائے تاوان کے ملزمان کی سہولت کاری کے الزام میں تھانہ صدر بورے والا کے سرکاری ڈرائیور رانا ذوالفقار حسین اور سابق ایم این اے کے ایک گن مین قیوم اور قیوما سندھو اور اس کے دیگر ساتھی کو گرفتار کر کے تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

تازہ ترین