سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین سے گزشتہ دنوںاو آئی سی سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ خان ہشام بن صدیق نے بھارتی فوج کے معصوم کشمیریوں پر تشدد کے حوالے سے بیان جاری کرنے پر اوآئی سی سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا، جس میں انہوں نے بھارتی جارحانہ کارروائیوں کی مذمت کی۔ سفیر نے سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین مسلم امّہ کے اہم مسائل ہیں، دونوں تنازعات کا تعلق علاقائی جارحیت اور انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں سے ہے ، انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اوآئی سی کی مسلسل اور بھرپور حمایت کی تعریف کی۔ پاکستانی سفیر نے سیکریٹری جنرل کو وزیر خارجہ کا ایک خط بھی پیش کیا جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفصیل تھی۔
او آئی سی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے او آئی سی میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کشمیریوں کی آواز ہے ،تنازعہ کشمیر پر او آئی سی کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق کشمیر کا پرامن حل علاقے میں پائیدار امن لائے گا۔خان ہشام بن صدیق نے او آئی سی کو ایک فعال پلیٹ فارم بنانے کے لیے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے متحرک کردار کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران رکن ممالک کے طالب علموں کے لیے اسکالرشپ پروگرام اور سماجی و ثقافتی تقریبات منعقد کرنے کے بارے میں بھی بات کی گئی۔
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے سعودی عرب میں پاکستان انوسٹمنٹ سیمینار منعقد ہوا ،جس میں پاکستانی وزیر مملکت بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چئیرمین نعیم زمیندار کے علاوہ سعودی جنرل انوسٹمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجنیر ابراہیم اور پاک سعودی سرمایہ کاروں نے بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نعیم زمیندار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا ہی نہیں دنیا بھر میں ابھرتی ہوئی معاشی طاقت ہے ،اس میں سرمایہ کاروں کے لئے بھرپور مواقعے ہیں۔سی پیک محض پاکستان یا چین کے لئے گیم چینجر ثابت نہیں ہوگا بلکہ یہ پوری دنیا کو مستفید کرے گا۔سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان کسی جنت سے کم نہیں۔
سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں اور پاکستان میں سعودی سفارت خانے میں کمرشل اتاشی کی تعیناتی سے تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا،سعودی گروپس پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اور آنے والے دنوں میں متعدد گروپس پاکستان جائیں گے جس سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔
پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان محفوظ ترین ملک ہے اس میں بے شمار ایسے سیکٹرز ہیں جن میں سرمایہ کاری کرکے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، سعودی جنرل انوسٹمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجنئیر ابراہيم المعر کا کہنا تھا کہ سعودی وژن 2030 اور پاک چین راہداری اہم منصوبے ہیں ،دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ سرمایہ کاری کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔