لگ بھگ سال بَھر ہی ہم ہر اسپیشل ایونٹ، خاص موقعے کے لیے آپ کے دسترخوان کوہرا بھرا رکھنے کی خاطر کچھ منفرد انداز کی تراکیب کے ساتھ حاضر ہوتے ہیں۔ تو لیجیے،اس بار مدرز ڈے کی مناسبت سے چند ملی جُلی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔ آپ، اپنی امّاں کو اُن کے عالمی یوم پر، اِن میں سے ایک یا دو ڈشز تو بنا کر کھلا ہی سکتے ہیں۔اور ساتھ مشروب بھی ہوجائے تو کیا ہی بات ہو۔
قیمہ بَھرے دہی بڑے
اجزاء:قیمہ ایک پاؤ،ماش کی دال(بھیگی ہوئی)ایک پیالی، نمک اور سُرخ مرچ حسبِ ذائقہ، پیاز ایک عدد،لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالا(پسا ہوا) ایک کھانے کا چمچ،میٹھا سوڈا چٹکی بھر اور تیل۔
بَڑوں کے لیے دہی:دو پیالی دہی میں تھوڑی سی چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔پھر ایک چمچ سفید زیرہ بھون کر پیس لیں اور نمک کے ساتھ دہی میں مکس کرلیں۔
چٹنی کی ترکیب: املی حسبِ ضرورت لے کر 15،20منٹ کے لیےبھگو دیں۔پھر ہاتھ سے مل کر بیج الگ کرلیں۔ اس کے بعد سُرخ مرچ، نمک، چینی اور بھُنا ہوا سفید زیرہ ڈال کربلینڈ کرلیں۔
ترکیب:سب سے پہلے قیمہ دھو کر چھلنی میں رکھ دیں،تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ اب پیاز باریک کاٹ کر فرائی کریں اور اس میں لہسن، ادرک ڈال کر بھون لیں۔ پھر قیمہ، نمک اور مرچ شامل کرکے اچھی طرح بھون لیں، جب خوشبو آنے لگے،تو چولھے سے اُتار کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔پھر دال بلینڈر میں پیس کر اُس میں نمک، مرچ، ادرک، گرم مسالا اور سوڈا شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔
اب اس آمیزے کے بَڑے بناکر بیچ میں قیمہ بھر لیں۔جب تمام بَڑے بن جائیں،تو ہاتھ سے دبا کر چپٹا کریں اور ایک ٹرے میں رکھ دیں۔ پھر تیل گرم کریں اور انھیں فرائی کرکے ایک پانی بَھرے برتن میں ڈالتی جائیں۔تمام بَڑے تلنے کے بعد ،پانی سے نکال کر ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبالیں، تاکہ پانی نکل جائے۔ اس کے بعد ڈش میں رکھ کر ان کے اوپر دہی اور چٹنی ڈال کے،بہت پیار سے اپنی امّی جی کو پیش کریں۔
چنا چاٹ
اجزاء:کابلی چنے(رات بھر کے بھیگے ہوئے)آدھا کلو،ٹماٹر(چوکور کٹے ہوئے) چار عدد، آلو (اُبال کر کاٹ لیں)دو عدد،لیموں چار عدد،سفید زیرہ(پسا ہوا)چارکھانے کے چمچ،ثابت دھنیا چارکھانے کے چمچ،سرخ مرچ ثابت دس عدد،کالا نمک آدھا چائے کا چمچ،نمک حسبِ منشاء اور تیل چار کھانے کے چمچ۔
ترکیب : بھیگے ہوئے چنے اچھی طرح اُبال لیں۔پھر ایک پتیلی میں تیل ڈال کر گرم کریں اور ٹماٹر ڈال کر ڈھک دیں،تاکہ دھیمی آنچ پر گل جائیں۔ اس دوران سفید زیرہ، سُرخ مرچ اور دھنیا بھون لیں اور کالا اور سفید نمک مکس کر کے باریک پیس لیں۔جب ٹماٹر نرم ہوجائیں، تو یہ مسالا اس میں مکس کردیں اور خوب پکنے دیں۔پھراس میں اُبلے ہوئے چنےاور آلوشامل کردیں اور ذرا سا پانی ڈال کر 10منٹ تک پکائیں۔ اس کے بعد لیموں کا رس چھڑک دیں۔پھر ایک لیموں کا چھلکا چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر چنوں میں شامل کریں اور پتیلی کا ڈھکن ڈھک کر چولھا بند کردیں۔قریباً آدھے گھنٹے بعد امّی کے حضورپیش کریں۔
(عرشی سلیم،حیدرآباد)
درباری ملائی چکن بوٹی
اجزا ء: چکن بون لیس (درمیانے سائز کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں )ایک کلو ،کوئلے کا ایک ٹکڑا اور تیل۔
اجزاءمیری نیشن کے لیے: لیموں دو عدد،لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، سفید مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، کالی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، پپیتا پِسا ہوا چار کھانے کے چمچ، گرم مسالا پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کاجو پِسے ہوئے ایک چائے کا چمچ، بادام چھلے اور پِسے ہوئےایک چائے کا چمچ، دہی ایک پاؤ، ہری مرچ پِسی ہوئی چار عدد،ہرا دھنیا حسبِ منشاء۔
ترکیب :سب سے پہلےہرا دھنیا اور ہری مرچ ایک ساتھ پیس لیں۔پھرمیری نیشن کےدیگر اجزاء ایک برتن میں ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ تیار کرلیں اور اس میں چکن کی بوٹیاں ڈال کر تقریباً دو گھنٹے کے لیےمیری نیٹ کریں۔پھر ایک پتیلی میں تیل گرم کر کے میری نیٹڈ چکن ہلکی آنچ پر پکائیں، جب پانی خشک ہوجائے اور تیل نظر آنے لگے، تو چولھا بند کردیں۔ آخر میںچکن پر روٹی کا ٹکڑا رکھ کر کوئلےکا دھواں دیں اور پتیلی کا ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں، تاکہ دھواں اچھی طرح جذب ہوجائے۔ کچھ دیر بعد کوئلہ ہٹا دیں۔ مزے دار درباری ملائی چکن بوٹی تیار ہے۔
پائن ایپل جوس
اجزاء :پائن ایپل(کٹے ہوئے ٹکڑے)آدھا کپ، پائن ایپل جوس ایک کپ، کوکونٹ ملک (کوکونٹ کریم بھی استعمال کی جا سکتی ہے)آدھا کپ اور برف(کُٹی ہوئی)ایک کپ۔
ترکیب :تمام اجزاء مکس کرکے، برف ڈال کر بلینڈکرلیں۔اور پھر اِن گرمیوں کی تپتی دوپہر یا شام میں اپنی پیاری امّی کو گلاس میں ڈال کر پیش کریں۔
(افشین ارشد،کراچی)