• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، کینسر اسپتال کی تعمیر، خان منور خان اسپتال کی عمارت ایس آئی یو ٹی کے حوالے

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کی قادر داد چھوہارا مارکیٹ کے قریب واقع خان منور خان اسپتال کی عمارت مالکان نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولاجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن”ایس آئی یو ٹی“ کے حوالے کردی۔ اس سلسلے میں ایک تقریب”ایس آئی یو ٹی چھبلانی اسپتال سکھر میں ہوئی، جس میں خان منور خان نے اپنی اسپتال کی عمارت ایس آئی یو ٹی کے حوالے کرنے کے کاغذات پر دستخط کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ادیب رضوی ، کمشنر سکھر ڈویژن ، ڈپٹی کمشنر شہزاد فضل عباسی ، سکھر چیمبرآف کامرس کے صدرعامر غوری او ر دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ادیب رضوری نے کہا کہ خان منور خان کی صحت شعبے میں خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان کی یہ کاوش تاریخ میں یاد رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ خان منور خان اسپتال میں کینسر اسپتال قائم کی جائیگا، جس کی عمارت پر ڈیڑھ ارب روپے ، جبکہ مشینری پر بھی اتنی ہی رقم خرچ آئے گی، انہوں نے کہا کہ اس اسپتال کو سکھر کے لوگ ہی بنائیں گے انتظام ایس آئی یو ٹی سنبھالے گا، انہوں نے کہا کہ کینسر اور گردے کے مریضوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، پنجاب کے 30فیصد مریض ایس آئی یو ٹی میں علاج کیلئے آرہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صحت کے ادارے قائم کرنے کے لئے آگے آئیں اور انسانی خدمت کرکے اپنا نام روشن کروائیں، چھبلانی نے جو خدمت برسوں پہلے کی تھی اس پر ان کا نام اسپتال کی صورت میں آج بھی زندہ ہے اور انہیں دنیا اچھے لفظوں میں یاد کرتی ہے۔
تازہ ترین