سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ دھرنے دے دے کر تھک گئے تو کچھ سازشیں کر کر کے تھک گئے لیکن نواز شریف نے تین نسلوں کا حساب دیا مگر تھکا نہیں۔
ملتان کے قاسم باغ میں ن لیگ کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مخالفین کے تمام جلسوں میں ایک جیسے چہرے نظر آتے ہیں لیکن نواز شریف جہاں کھڑا ہو جائے وہیں جلسہ منعقد ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سازشیں کرنے والوں نے عوام کو نواز شریف سے دور کرنے کی کوشش کی لیکن اب عوام نواز شریف کے ساتھ پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ جُڑ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنی سازشیں بڑھ رہی ہیں، اتنی ہی ’’میاں صاحب لویو‘‘ کی آوازیں تیز ہو رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے عوام کے ووٹ کی طاقت کو جھکنے نہیں دیا، نوازشریف نے نا اہلی برداشت کر لی، بیٹی پر الزامات برداشت کر لیے، وزارت عظمیٰ سے نکلنا برداشت کر لیا لیکن عوام کے ووٹ کی بے حرمتی برداشت نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ 70 سالوں میں ووٹ کو کسی نے عزت نہیں دی لیکن آج نوازشریف کی صورت میں ووٹ کو عزت دلانے والا پیدا ہو گیا ہے۔