لفظ’’پکوڑا‘‘ سنسکرت زبان کے لفظ’’ پکواتا‘‘ سے ماخوذ ہے،پکواکا معنی’’ پکا ہوا‘‘ اور واتا کا معنی’’سوجن ‘‘ ہے۔ اس کو کھانے کی ابتداء برصغیر پاک و ہند سے ہوئی ، عصر حاضر میں یہ بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال میں شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ پکوڑوں کی کئی اقسام ہیں ، اس میں شامل کیے جانے والے بنیادی اجزاء میں پیاز، سبز مرچیں اور مصالحہ جات ہیں جن کو بیسن اور پانی کے پیسٹ میں ملایا جاتا ہے۔
بعد ازاں اسے گھی میں فرائی کرکے پکوڑے بنائے جاتے ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ پکوڑے کھانے کا کوئی موسم نہیں، اسے موڈ کے مطابق کھایا ہی جاتا ہے ، لیکن پکوڑے گرمیوں کی چھٹیوں، برسات کے موسم، رمضان کے مہینے اور شام کی چائے کے ہمراہ شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے کئی علاقوں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں پکوڑے کافی مقبول ہیں ۔ جنوبی ایشیاء کے کئی علاقوں میں یہ بچے کی پیدائش کی خوشی میں ہونے والی تقریب یاخوشی کے دوسرے موقعوں پر بنائے جانے والے پکوانوں کا حصہ ہوتے ہیں ۔
مختلف ممالک میں ان کو مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ بھارت کے کئی علاقوں خاص طور پر صوبہ مہاراشٹر، آندھرا پردیش اور کرناٹک میں ان کو’’بھجی‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہاں بنائے جانے والے پکوڑوں میں سبزی کا استعمال لازمی کیا جاتا ہے۔ یہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں بھی شوق سے کھائے جاتے ہیں۔جنوبی افریقہ کے کئی علاقوں میں انہیں ’’دھلجیس‘‘ کہا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش میں یہ ’’ پکوڑا‘‘یا’’ پکووڑا‘‘ کہلاتے ہیں۔ چین اور نیپال میں انہیں پکوڈا ،جب کہ صومالیہ میں انہیں’’ بیجیئے‘‘ کہا جاتا ہے۔ پاکستان میں پکوڑے ہر دلعزیز ہیں۔ یہاںسبزیاں مکس کرکے پکوڑے فرائی کئے جاتے ہیں۔
پالک پکوڑے، آلو پکوڑے، پیاز پکوڑے اور پنیر پکوڑے عام اقسام ہیں۔ گرما گرم پکوڑے مختلف اقسام کی چٹنیوں اور کیچپ کے ہمراہ بہت پسند کئے جاتے ہیں جبکہ نان پکوڑا ایک لذیذ ڈش کے طور پر مقبول ہے۔ پاکستان میں یہ چھوٹی سی دکان سے لے کر اعلیٰ ریسٹورنٹس میں دستیاب ہیں بنگلہ دیش اور بھارت میں یہ شادی کی تقریبات میںبھی پسند کیے جاتے ہیں۔ برطانیہ میں پکوڑے فاسٹ فوڈ کے طور پر پسند کئے جاتے ہیں۔مختلف اقسام کے پکوڑوں کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں۔
چیز پکوڑے
اجزاء۔
کوٹیج چیز۔ ایک کپ
بیسن۔ ایک پیالی
انڈہ ۔ایک عدد
چکن کیوب۔ ایک عدد
سرخ مرچ۔ چار عدد (باریک کٹی ہوئی )
ہری مرچ۔ چھ عدد
ہرا دھنیا ۔حسب ضرورت
میٹھا سوڈا ۔ایک چٹکی
دہی۔ ایک چائے کا چمچ
سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
تیل ۔حسبِ ضرورت
نمک۔ حسبِ ذائقہ
ترکیب۔
ایک پیالے میں بیسن، انڈہ ، دہی، میٹھا سوڈا، ہرا دھنیا، ہری مرچ، لال مرچ، سفید زیرہ، چکن کیوب اور نمک ڈال کر نیم گرم پانی کے ساتھ اچھی طرح ملائیں۔
اب اس میں کوٹیج چیز ملائیں۔
پھر کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں بنائے ہوئے آمیزے کے پکوڑے تل لیں۔
جب وہ گولڈن براؤن ہو جائیں تو نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں، تاکہ چکنائی جذب ہو جائے۔
آخر میں چیز کے گرم گرم پکوڑے املی کی چٹنی اور کیچپ کے ساتھ سرو کریں۔
چاول کے پکوڑے
اجزاء۔
بیسن۔تین چوتھائی کپ
ادرک(باریک کٹی ہوئی)۔ ایک کھانے کا چمچ
چاول (ابلے ہوئے )۔دو کپ
چاٹ مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)۔ایک کھانے کا چمچ
نمک۔ حسب ذائقہ
پیاز(باریک کٹی ہوئی)۔ دو عدد
ہرا دھنیا(باریک چوپ کیا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ
تیل (تلنے کے لیے) ۔حسب ضرورت
ترکیب۔
ایک پیالے میں بیسن ، ادرک، چاول ، چاٹ مصالحہ ،ہری مرچ، نمک ، پیاز اور ہرا دھنیا ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیں اور پانی ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔
کڑاہی میں تیل گرم کر یںاور آنچ درمیانی رکھیں۔
جب تیل گرم ہو جائے تو مکسچر کو ڈال کر ڈیپ فرائی کر لیں۔ یہاں تک کہ رنگ سنہری ہو جائے۔
مزیدار چاولوں کے پکوڑے تیار ہیں۔ سرونگ پلیٹ میں نکال لیں اورٹشو پیپر پر رکھ کر چٹنی کے ساتھ گرم گرم پیش کر یں۔
چائنیز پکوڑے
اجزاء۔
بینگن۔دو عدد
پھول گوبھی۔ایک عدد
مشرومز۔ ایک کپ
آلو۔ دو عدد
پیاز ۔ دو عدد
شملہ مرچ۔تین عدد
میدہ۔دوکپ
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
زیرہ پاوڈر۔ ایک چائے کا چمچ
نمک ۔حسب ذائقہ
لیموں کا جوس۔ دو کھانے کے چمچ
پانی۔ ایک کپ
تیل ۔حسب ضرورت
اجینو موتو (چائینیز سالٹ)۔ ایک چائے کا چمچ
ترکیب۔
ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔
بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔
گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔
پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔
اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔
ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔
سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔
پران پکوڑے
اجزاء۔
پران۔بارہ سے پندرہ عدد
ہری مرچیں۔ تین عدد
ادرک۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن۔ ایک چائے کا چمچ
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
اجینو موتو۔ ایک چائے کا چمچ
شملہ مرچ۔تین کھانے کے چمچ
پیاز۔دوکھانے کے چمچ
سویا ساس۔دوکھانے کے چمچ
ہرا پیاز۔تین کھانے کے چمچ
کالی مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
گھی۔ڈیڑھ کپ
ترکیب۔
پران کو گھی میں فرائی کر کے نکال لیں۔
لہسن، ادرک،ہری مرچیں،پیاز،شملہ مرچ اور ہری پیازفرائی کر کے اس میں نمک، اجینو موتو، ہلدی، لال مرچ، سویا سوس ڈال کر آخر میں فرائی شدہ پران شامل کرلیں۔
مزے دار پران پکوڑے تیار ہیں۔
چنے کی دال کے پکوڑے
اجزاء۔
چنے کی دال۔ ایک پاؤ
پسی ہوئی سرخ مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
پسا ہوا زیرہ۔دو چائے کے چمچ
باریک کی ہوئی پیاز۔ ایک پاؤ
نمک۔ حسب ذائقہ
ہلدی۔آدھا چائے کا چمچ
کھانے کا سوڈا۔آدھا چائے کا چمچ
ہری مرچیں۔آٹھ عدد
ہرا دھنیا۔حسب ضرورت
تیل ۔تلنے کے لیے
ترکیب۔
چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔
جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔
اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔
اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑاھی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔
پالک کے پکوڑے
اجزاء۔
پالک۔ آدھی گٹھی
بیسن۔ ایک کپ
پیاز۔ دو عدد
ہری مرچ۔ دو عدد
ہرا دھنیا۔ آدھا کپ
سفید زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ
ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
لال مرچ کٹی ہوئی۔ آدھا چائے کا چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
تیل۔ حسب ضرورت
نمک۔ حسب ذائقہ
ترکیب۔
پالک باریک کاٹ لیںاور بیسن میں شامل کریں۔بیسن میںباقی تمام اجزاءڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ کیلئے رکھ دیں۔پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔
چکن قیمہ پکوڑے
اجزاء۔
چکن ۔250 گرام
انڈے۔دو عدد
بیسن۔دو کھانے کے چمچ
پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
کٹی ہوئی ہری مرچ۔دو عدد
ہلدی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
بیکنگ پاؤڈر۔آدھا چائے کا چمچ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
کٹا ہرا دھنیا۔ حسب ضرورت
چاٹ مصالحہ۔ آدھا کھانے کا چمچ
باریک کٹی ہری پیاز۔آدھا کپ
ترکیب۔
بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیا ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کر لیں۔