• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیب کھائیں، بیماریوں سے محفوظ رہیں!

سیب کھائیں، بیماریوں سے محفوظ رہیں!

سیب کم کیلوری والا ایک مزیدار اور صحت بخش پھل ہے، جسے خوش خوراک حضرات ترجیحی طور پر استعمال کرتے ہیں۔سیب قدیم یونان اور روم کے لوگوں کا پسندیدہ پھل تھا۔عام طور پر سیب سرخ، سبز اور پیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔ سیب میں کیلوریز، کاربوہائڈریٹ اور وٹامن اے اور سی پایا جاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق سیب کی ابتداء کا مرکز مشرقی ترکی ہے جبکہ اس کے پھل میں ہزاروں سالوں میں کچھ تبدیلیاں بھی آئی ہیں۔سکندرِ اعظم کے قازقستان کے سفر میں تین سو اٹھائیس قبل مسیح میں سیب کا ذکر ملتا ہے۔ دنیا میں سیب کی تقریباً 7500اقسام ہیں، جبکہ امریکہ میں 2500 اقسام اگائی جاتی ہیں۔ امریکا کی تمام ہی 50 ریاستوں میں سیب کے باغات ہیں۔

امریکہ کے علاوہ چین، ترکی، پولینڈ اور اٹلی دنیا میں سب سے زیادہ سیب پیدا کرنے والے ممالک ہیں۔پاکستان دنیا کے کچھ ملکوں سے سیب درآمد بھی کرتا ہے، جن میں نیوزی لینڈ، ایران، افغانستان اور چین شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق صحت مند رہنے کے لیے مردوں کو اوسطً 2500کیلوریز روزانہ، جبکہ خواتین کو 2000 کیلوریز روزانہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ تقریباً نصف سے زیادہ وٹامن سی سیب کے چھلکے کے گِرد ہوتے ہیں۔ اس لیے، بہتر یہی ہے کہ سیب کو چھلکے کے ساتھ کھانا چاہیے۔

سیب کو اکثر کچا کھایا جاتا ہے مگر اس کا استعمال بہت سی کھانے کی اشیاء میں بھی بخوبی کیا جاتا ہے۔ان میں سے چند سیب سے بنے کھانوں کی تراکیب قارئین کی زیر نظر ہیں۔

سیب کھائیں، بیماریوں سے محفوظ رہیں!

جام سیب

اجزاء:

سیب۔ آدھا کلو گرام

چینی۔ آدھا کلو گرام

سبز الائچی۔ چند عدد دانے

سرخ میٹھا رنگ۔ ایک چٹکی

پانی۔ آدھا کلو گرام

ٹاٹری۔ چوتھائی ٹی سپون

ترکیب:

ایک برتن میں پانی ڈال کر اس میں تھوڑا سا نمک گھول لیں ۔ اس کے بعد اس پانی میں سیب کو چھیل کر اس کے ٹکڑے کاٹ لیں ۔ پھر کسی سٹیل کے برتن میں آدھا کلو گرم پانی میں سرخ رنگ گھول کر سیب کے ٹکڑے ڈال دیں اور چولہے پر رکھ دیں۔ اس کے بعد جب سیب گل جائیں تو آنچ ہلکی کر کے چولہے پر ہی انھیں لکڑی کی ڈوئی سے دبا کر باریک کرلیں اور اس میں چینی، ٹاٹری اور سبز الائچی کے دانے ڈال دیں ۔جب چینی کا پانی خشک اور جام گاڑھا ہو جائے تو چولہے سے اتار لیں ۔ ٹھنڈا ہونے پر شیشے کی صاف بوتلوں یا مرتبان میں بھر لیں۔ بہت عمدہ اور لذت سے بھر پور جام سیب تیار ہے۔

ایپل اسفنج

اجزاء:

سیب۔ آدھا کلو

پانی۔ایک کپ

چینی۔ چار کھانے کے چمچے

لیموں کا رس۔ چند قطرے

ترکیبـ:

سیب چھیل اور کاٹ کر ایک پین میں ڈالیں۔ ساتھ چینی، لیمن جوس اور پانی بھی ڈال دیں ۔اب اس کو مائیکرویو اوون میں پانچ منٹ پکا لیں یا چولہے پر رکھ کر پکائیں ۔ سیب قدرے نرم ہونے پر ایک شیشے کی کھلی ڈش میں ڈالیں۔ سیبوں کو بالکل خشک نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان میں پانی کی ہلکی سی مقدار موجود ہو۔ ان گرم گرم سیبوں پر اسفنج کا مرکب پھینٹ کر ڈالیں اور چینی چھڑک کر 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر اتنی دیر بیک کر یں کہ گولڈن ہو جائے۔

ایپل اینڈ ہنی کیک

ایپل ہنی کیک کو یورپ، مشرق وسطیٰ، خلیجی ممالک اور امریکا میں زیادہ کھایا جاتا ہے، جب کہ چند سال سے اسے وسطی ایشیائی ممالک بھی استعمال کرنے لگے ہیں ۔ اس کیک کا ذائقہ دیگر کیکس سے مختلف ہوتا ہے، جب کہ شہد اور سیب کے استعمال کی وجہ سے اس کا شمارصحت مند غذائوں میں ہوتا ہے۔

اجزاء:

انڈے(پھینٹ لیں)۔ 2 عدد

شہد۔ آدھا یا ایک کپ

مکھن(نمک کے بغیر)۔8 چائے کے چمچ

کریم ۔ڈیڑھ کپ

ونیلا پاؤڈر یا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

گندم کا آٹا۔ 2 کپ

بیکنگ سوڈا۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

دار چینی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

نمک ۔حسب ذائقہ

میٹھا سیب(کاٹ لیں)۔ ایک عدد بڑا

چینی۔ حسب ذائقہ

ترکیب:ـ

کیک پین کو تھوڑا سا گرم کرنے کے بعد اس میں کچھ مکھن اور آٹے کو مکس کرلیں۔اب اس میں بیکنگ، سوڈا، بیکنگ پاؤڈر، دارچینی اور نمک ملالیں۔اسی میں سیب کے ٹکڑےڈال کر، انہیں اچھی طرح مکس کر لیں۔ ایک الگ برتن میں آدھی کریم ، شہد، انڈے اور چینی مکس کرلیں۔جب یہ چیزیں مل کر رنگ تبدیل کرلیں تو ان میں بچا ہوا مکھن، کریم اور ونیلا پاؤڈر یا پیسٹ ڈال دیں۔آخر میں تمام چیزیں بڑے کیک پین میں ڈال لیں، سیب کے ٹکڑوں کو اچھی طرح سے اجزاء میں بند کرکے، مائیکرو ویو میں کم سے کم 30منٹ یا اس وقت تک پکائیں، جب تک کیک تیار ہوکر رنگ تبدیل نہیں کرلیتا۔تیار شدہ کیک کو ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھیں، اور بعد میں نکال کر نوش فرمائیں۔

ٹافی ایپل

اجزاء:

سیب۔ 500گرام

پی نٹ آئل۔ ایک لیٹر

کا رن سٹارچ۔ 50ملی لیٹر

چینی۔ 200گرام

پانی۔ 25ملی لیٹر

کارن فلور۔ 100گرام

ترکیب:

سیب چھیل کر ان کوکاٹ لیں۔ ان پر اچھی طرح کارن سٹارچ سلیوشن کا لیپ کر یں۔ اس کے بعد ان پر کارن فلور کی ایک تہہ جما دیں۔ کچھ دیر کے لئےایک طرف رکھ دیں۔ جس پلیٹ میں پیش کرنا ہو اس پر آئل کی ہلکی سی تہہ جما دیں۔ ٹھنڈے پانی کا ایک پیالہ تیارکر کےرکھ لیں۔

پکانے کی ترکیب:

پین میں آئل ڈال کر جوش دلائیں۔پھر اس میں سیب ڈال دیں اورایک یادو منٹ ڈیپ فرائی کر یں۔ جب وہ ایک طرف سے خستہ ہوجائیں۔ ان کو باہر نکال لیں۔ ایک علیحدہ پین میں چینی اور پانی ملائیں ۔ آہستہ آہستہ سٹر کر یں ۔ چینی پہلے سنہرے شربت میں تبدیل ہو جائے گی ۔ تھوڑا سا سیسم آئل ڈالیںپھر اس میں سیب ڈال دیں۔دوبارہ آہستہ آہستہ سٹر کر یںکہ ہر سیب پرشربت کا لیپ ہو جائے۔

اِسٹر فرائیڈ بیف ود ایپل

اجزاء:

بیف۔ آدھا کلو

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

پیاز (کٹی ہوئی )۔ ایک عدد

لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہرا سیب۔ ایک عدد

کاسٹر شوگر۔ ایک کھانے کا چمچ

فریش کریم ۔تین کھانے کے چمچ

پائن ایپل (کٹے ہوئے)۔ آدھی پیالی

پارسلے(کٹے ہوئے)۔ ایک چوتھائی گٹھی

نمک۔ حسب ذائقہ

کالی مرچ (کٹی ہوئی )۔آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ (کٹی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

سرکہ ۔ایک کھانے کا چمچ

مکھن۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک کڑاہی میں ایک سے ڈیڑھ کھانے کا چمچ تیل گرم کرکے پیاز، لہسن کا پیسٹ اور بیف شامل کرکے اتنا فرائی کریں کہ وہ اچھی طرح سے گولڈن ہو جائے پھر چولہا بند کر دیں۔پھر الگ پین میں ہرے سیب کو چھیل کر سلائس کاٹ کر ایک سے ڈیڑھ کھانے کے چمچ تیل کے ساتھ پکائیں۔ساتھ میں کاسٹر شوگر بھی ڈال کر اتنا پکائیں کہ سیب گولڈن ہو جائے پھر چولہا بند کر دیں۔اب بیف والی کڑاہی میں فریش کریم، پائن ایپل، پارسلے، نمک، کالی مرچ، لال مرچ اور سرکہ شامل کرکے ایک سے دو منٹ تک پکائیں۔جب سوس گاڑھا ہونے لگے تو گولڈن سیب اور مکھن شامل کرکے مکس کریں اور ڈش میں نکال کر سرو کریں۔

ایپل کریم

اجزاء:

سیب۔ دو عدد

دودھ ۔اڑ ھائی پیالی

کریم ۔ڈیڑھ پیالی

چینی۔ کھانے کے چار چمچ

جیلاٹن۔ کھانے کے چار چمچ

سیب (سجاوٹ کے لئے)۔ چند ٹکڑے

ونیلا ایسنس۔ چائے کا ایک چمچ

ترکیب:

سیبوں کو چھیل لیں اور باریک باریک ٹکڑے کر لیں۔ پیس کر ملائم گودا بنا لیں۔ اس کا رنگ خراب ہونے سے بچانے کے لئے آپ اس میں چائے کا ایک چمچ لیمن جوس بھی ملا سکتی ہیں۔تھوڑے سے گرم پانی میں جیلاٹین کو حل کر یں۔دودھ کو ابالیں۔اس میں سیب کا گودا اور چینی شامل کر کے پانچ منٹ پکائیں۔ دودھ کے مرکب میں ملائم کیا ہوا جیلاٹن شامل کر یں۔اس میں ایسنس شامل کر یں اور سیٹ ہونے تک یخ بستہ کر لیں۔پیش کرنے سے پہلے اس پر پھینٹی ہوئی کریم انڈیلیں اور سیب کے ٹکڑوں سے سجائیں۔

گاجر اور سیب کاسلاد

اجزاء:

گاجریں ۔آدھا کلو

سیب۔ ایک عدد

لیموں کا رس۔ ایک بڑا چمچ

نمک ۔حسب ضرورت

سفید گول مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

چینی۔ ایک چائے کاچمچ

کشمش۔ دوکھانے کے چمچ

اخروٹ(باریک کٹے ہوئے )۔دوکھانے کے چمچ

ترکیب:

گاجر دھوکر چھیل لیں اور موٹی موٹی کش کر لیں۔ سیب دھو کر بغیر چھیلے چھوٹے چھوٹے مربع ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور گاجروں میں ملا دیں۔ اب لیموں کے رس میں نمک ، چینی اور سیاہ مرچ ملا کر سیب اور گاجروں کے اوپر ڈال دیں اور لکڑی کے چمچ سے ہلائیں۔ پیش کرتے وقت کسی شیشے کے برتن میں ڈال کر اوپر بادام یا اخروٹ چھڑک دیں۔ اگر کشمش ڈالنی ہوتو اچھی طرح دھو کر خشک کرکے سلاد میں ملائیں۔

ایپل چکن اوپن سینڈوچ

اجزاء:

چکن( بوائلڈ)۔ ایک کپ

سیب۔ ایک عدد کیوب

سیلیری۔ ایک چوتھائی کپ

مایونیز ۔ ڈیڑھ کپ

نمک ۔حسب ذائقہ

کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ

بریڈ سلائس ۔ آٹھ عدد

ترکیب:

مرغی کو ابال کر باریک ریشہ کرلیں- سیب کے چھوٹے چوکور ٹکڑے کرلیں- ہرا دھنیا باریک کاٹ لیں- اب تمام اجزاء ایک پیالے میں ڈال کر مایونیز، کالی مرچ اور نمک کے ساتھ ملا لیں- بریڈ سلائس کے اوپر یہ آمیزہ پھلائیں پھر ٹماٹر، سلاد کے پتے وغیرہ سے سجا کر پیش کریں-

تازہ ترین