میرپورخاص ( سلیم آزاد/نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ کا غریب طبقہ اور ہاری تباہ اور آصف زرداری خوشحال ہوگیا ، زرداری صوبے کی دولت دبئی لے گیا، اگر سندھ کے عوام کالا باغ ڈیم نہیں چاہتے تو کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا، سندھ کیلئے کالاباغ ایک نہیں 100بار قرابان، وہ اتوار کو میرپورخاص کی تحصیل سندھڑی میں سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو مرحوم کے آبائی گاؤں خانصاحب دین محمد جونیجو میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز سندھی زبان میں کرتے ہوئےکہا کہ سندھ کی ترقی وخوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی وخوشحالی ناممکن ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 10برسوں سے زرداری سندھ میں اور مسلم لیگ(ن) پنجاب میں حکومت کررہی ہے اس عرصہ میں پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں ، اس کے مقابلے میں سندھ کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، یہاں بھی وسائل اور پیسے کی کوئی کمی نہیں بس نیت خراب ہے، زرداری نے سندھ کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے نعرہ لگایا سندھ سے زرداری کی گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دو۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سندھ کی ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں تو میرا ہاتھ مضبوط کریں، میں پنجاب کا ہی نہیں سندھ اور سندھڑی کا بھی خادم اعلیٰ ہوں۔ جلسے سے میزبان اسد علی خان جونیجو، سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اور کیل داس کوہستانی نے بھی خطاب کیا۔جلسہ میں رانا مشہود، علا قے کے معززین،ڈویژنل وضلعی عہدیدا رو ں ، کار کنو ں اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو مرحوم کی قبر پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔