جاپان کی معروف دینی وعلمی تنظیم اسلامک سرکل آف جاپان کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنس اور پاکستان اسٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل کے اعزاز میں گزشتہ دنوںسائتاما پریفکچر کے سوکا سٹی میں واقع معروف پاکستانی ریستوران میں ریستوران کی انتظامیہ کے حافظ خالد محمود اور رانا عامر نے ایک پُر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں جاپان بھر سے تمام مکتبہ ء فکر کے لوگوںنے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ناظم وقار باجوہ نے سید کمال حسین کی تلاوت کلام پاک سے کیا، بعد ازاں حافظ نوید اور نوید امین نے نعت رسول مقبول ﷺ بھی پیش کی۔ مہمان خصوصی ایک تجربہ کار معلم واستاد ہیں اور پاکستان کے کئی تعلیمی اداروں میں اپنی خدمات پیش کر چکے ہیں،اس وقت وہ پنجاب یونیورسٹی میں بطور پروفیسر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
ڈاکٹر اشتیاق احمد نے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی اسلامک اسکالر یا مذہبی رہنما نہیں ہیں تاہم اپنے پیشے کے ساتھ ساتھ انھیں اسلامیات اور دینِ اسلام سے گہرا لگائو ہے۔انھوں نے کہا کہ ماہِ رمضان کی آمد آمد ہے اور یہ مقدس مہینہ ہم پاکستانیوں کے لئے اس لئے بھی اہم ہے کہ اسی مبارک ماہ میں پاکستان معرضِ وجود میں آیاتھا، جس کی آزادی کے لئے ہمیںاللہ تعالیٰ کی طرف سے قائد اعظم محمد علی جناح کی صورت میں ایک عظیم ،کھرا اور سچارہنما ملا ،انھوں نے کہا کہ ماہِ رمضان بہادری اور جرات والوں کا مہینہ ہے اس میں ترک خواہش نہیں ضبط ِ خواہش کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔
ڈاکٹر اشتیاق چونکہ سوشل سائنسدان ہیںاور پولیٹیکل سائنس کے استاد ہیں اس لئے انھوں نے اپنی گفتگو کو پاکستان اور پاکستان سے متعلق محدود رکھا۔ انھوں نے کہا کہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کو اتنا آسودہ حال دیکھ کر مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے اور ہزاروں پاکستانی یہاں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ ھ چکے ہیں، تاہم مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ نا صرف جاپان بلکہ پوری دنیا میں ہجرت کرکے جانے والے پاکستانیوں سے زیادہ بہادر اور صابر وہ پاکستانی ہیں جو اس وقت پاکستان میں رہ رہے ہیں۔
انھوں نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم کمیونٹی سے منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کے چرچے میں پاکستان مین سن چکا ہوں جب یہاں سونامی اور جان لیوا زلزلوں نے ہر چیز تہس نہس کر دی تھی تو پاکستانیوں نے اپنے وطن جانے کی بجائے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور جاپانی قوم کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی تاریخ میں پاکستان کا نام سنہرے لفظوں میں لکھوادیا۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمان ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل نے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔