• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، 7 فرار ہونے میں کامیاب، اسلحہ بھی برآمد

سکھر( بیورو رپورٹ ) سکھر کے مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس مقابلے تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ، 7 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ، ڈاکوؤں کے مختلف گروہ واردات کی نیت سے علاقے میں موجود تھے کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر مقابلے کے بعد زخمی حالت میں مسلح ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ڈاکوؤں کے کچھ گروہ رات کی تاریکی میں لنک روڈز پر لوٹ مار کی نیت سے موجود ہیں جس پر متعد د پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئیں ۔ تھانہ تماچانی کی حدود میں پولیس نے تین ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے میمن خاصخیلی زخمی ہوگیا جس کے قبضے سے ٹی ٹی پسٹل برآمد کیا گیا ہے جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے قومی شاہراہ کے نزدیک جھانگڑو تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کی ، اس کارروائی کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو عبدالعزیز زخمی ہوگیا جس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پسٹل اور متعد د گولیاں برآمد کرلی گئیں جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ایک اور کارروائی میں ایک ڈاکو عبدالقادر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے ٹی ٹی پسٹل اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ سکھر ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس نے دو گھنٹوں کے دوران تین مختلف علاقوں میں تین ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ان کے 7 ساتھی کے لئے متعدد پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ، پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری یقینی بنانے کیلئے گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔
تازہ ترین