• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آج افطار دستر خوان سجائیں آلو کے پکوان اور مشروبات سے

آج افطار دستر خوان سجائیں

ماہِ صیام کی یہ پہلی اتوار ہے۔آج تقریباً ہر گھرہی میں افطار دسترخوان کاخاص اہتمام ہوگا۔ تو لیجیے،اس خاص اہتمام میں، چند تراکیب ہماری طرف سے بھی پیشِ خدمت ہیں۔

کٹلٹس

اجزاء: چکن (بون لیس)ایک پائو،آلو( اُبلے ہوئے) آدھا کلو،لال مرچ (کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ (کُٹا ہوا)ایک چائے کا چمچ،ہرا دھنیا(باریک کٹا ہوا)آدھی گڈی، ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)چارعدد، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ،ادرک، لہن کاپیسٹ ایک کھانے کا چمچ،انڈا ایک عدد، کارن فلور حسبِ ضرورت،نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: سب سے پہلےچکن اُبال کر ہاتھ سے باریک باریک ریشے کرلیں۔ پھر ایک باؤل میں اُبلے ہوئے آلو، چکن، مرچ، نمک، سفید زیرہ، ہری مرچ، ہرادھنیا، لیموں کا رس اور ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح میش کرلیں اور ٹکیوں کے انداز میں کٹلٹس بنا کر ڈش میں رکھ دیں۔ اب کٹلٹس کوپھینٹے ہوئے انڈے میںاچھی طرح ڈبو کراور کارن فلور لگا کے ہلکی آنچ پر ڈیپ فرائی کرلیں۔ گولڈن برائون ہونے پر نکال کر ٹشو پیپر پر رکھ دیں، تاکہ اضافی تیل جذب ہوجائے۔ افطار میں کیچپ کے ساتھ مزے لے کرکھائیں۔

آلو چاٹ

اجزاء:آلو (اُبلے ہوئے)چار عدد، نمک حسبِ ضرورت، سفید زیرہ(کُٹا ہوا)آدھاچائے کا چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)آدھاچائے کا چمچ، ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)تین عدد، ہرادھنیا(باریک کٹا ہوا)آدھی گڈی، املی کا رس آدھا کپ،چاٹ مسالا آدھا چائے کا چمچ اور ثابت دھنیا (کُٹا ہوا)آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:آلو اُبال لیں، مگر خیال رہے کہ زیادہ نرم نہ ہوں۔پھر انھیں چھیل کر چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔اب ایک باؤل میں آلو اور تمام مسالاجات اچھی طرح مکس کرلیں۔ آخر میں ہرا دھنیا چھڑک دیں ۔مزے دار آلو چاٹ تیار ہے۔

پٹیٹوبالز

اجزاء:آلو درمیانے سائز کےچار عدد، ہرادھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گڈی، نمک حسبِ ضرورت، پودینا(باریک کٹا ہوا)آدھی گڈی، لال مرچ (کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، ثابت دھنیا(ہلکا سا کوٹ لیں)آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ (پسا ہوا)آدھا چائے کا چمچ، ادرک(باریک کٹا ہوا)ایک انچ کاٹکڑا، لیموں کا رس دو کھانے کےچمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی)چار عدد، بیسن ایک کپ، لال مرچ (پسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ اور تیل۔

ترکیب:آلو اُبال کر پیس لیں۔ پھر اس میں نمک، لال مرچ ، ہرا دھنیا، پودینا، ثابت دھنیا، زیرہ، ادرک، ہری مرچ اور لیموں کا رس شامل کر کے اچھی طرح مکس کرکے،اس کےبالز بنالیں۔ اس کے بعد بیسن گھول کر پیسٹ بنائیں اور اس میں نمک اور پسی ہوئی لال مرچ شامل کردیں۔ آلو کے بالزکو بیسن کے آمیزےمیں اچھی طرح سے ڈبو کر، ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ پودینے یا املی کی چٹنی کے ساتھ یہ پٹیٹو بالز بہت مزہ دیں گے۔

کِرسپی پکوڑے

اجزاء:آلو تین عدد،نمک حسبِ منشاء،لال مرچ (پسی ہوئی)ایک چائے کاچمچ،سفید زیرہ(کُٹا ہوا)ایک چائے کاچمچ،ہرا دھنیاایک گڈی،ہری مرچ چار عدد،ثابت دھنیا(کُٹاہوا)ایک چائے کاچمچ، بیسن دو کپ اور تیل۔

ترکیب:آلو چھیل کر لمبائی میں ماچس کی تیلی کے سائز میں باریک باریک کاٹ لیں۔ اب بیسن میں تمام اجزاء شامل کر یں اور گھول کر آلو مکس کردیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے یہ پکوڑے تل لیںاورپھر افطار میں قدرے چھوٹے کِرسپی پکوڑوں کا لطف اُٹھائیں۔

(نزہت جبیں ضیاء، کراچی)

انرجی ڈرنک

اجزاء:خربوزہ(کیوبز میں کٹا ہوا)ایک کپ، کھیرا(کیوبز میں کٹا ہوا) آدھا کپ، لیموں کا رس آدھا چائے کا چمچ، شوگر سیرپ حسبِ ذائقہ اور برف حسبِ منشاء۔

ترکیب :تمام اجزاء مکس کرکے بلینڈ کرلیں۔آخر میں برف ڈال کر دوبارہ بلینڈکریں۔لیجیے، مزے دار انرجی ڈرنک منٹوں میں تیار ہے۔

کھیرا سلش

اجزاء::کھیرا ایک عدد، کالا نمک ایک چُٹکی،پودینے کے پتے تین سے چار عدد، برف(کُٹی ہوئی) ایک کپ، پانی ایک کپ،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ اورشوگر سیرپ دو سے تین کھانے کے چمچ(اگرشوگر سیرپ خود تیار کرناہو تو دو کپ چینی،چار کپ پانی ایک برتن میں ڈال کر اتنا پکائیں کہ چینی اچھی طرح گھل جائے۔پھر اس میں لیموں کا رس ڈال کر مکس کرلیں اور ٹھنڈا کرکے کسی بوتل میں بَھر دیں)۔

ترکیب: پہلے تو کھیرا چھیل کر کیوبز میں کاٹ لیں۔ پھر بلینڈر میں تمام اجزاء اور کُٹی ہوئی برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اس کے بعد گلاسز میں نکال کر، پودینے کے پتّوں سے سجا کر مزے دارکھیرا سلش کا لطف اُٹھائیں۔

(افشین ارشد)

تازہ ترین
تازہ ترین