• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو بدنام کرنے کے ہولناک نتائج نکلیں گے ، جاوید ہاشمی

ملتان (نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ متعصب بیانیہ اور خاص طورپر پنجاب میں سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو بدنام کرنے کی انتہائی ہولناک نتائج نکلیں گے۔پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نےالزام لگایا کہ نواز شریف حکومت کو پانچ سال تک نہیں چلنے دیا اور ہرقسم کے ہتھکنڈے اختیارکئےگئے‘پہلے دن سے ہی نواز شریف کی حکومت کو گرانے کے لئے سازشیں شروع ہو گئی تھیں اگر نواز شریف پرمقدمہ چلانا ہے تو پہلے پرویز مشرف پر چلایا جائے‘ میں پاک فوج کا سب سے بڑا پرستار ہوں اور ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیاستدانوں کی کردار کشی بندکرانےکیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہاکہ آئندہ عام انتخابات کو کوئی نہیں روک سکتا یہ بروقت ہونے چاہئیں۔انہوں نےایک قومی کمیشن بنانےکامطالبہ کیا جومختلف بےبنیاد الزامات پر نواز شریف کو ہدف بنانے اورحقائق کی تحقیقات کرے۔انہوں نے نوازشریف کے خلاف ان کے انٹرویو کی بنیاد پر ہونے والی الزام تراشی پرتنقید کرتےہوئےکہاکہ نوازشریف نے تو مشرف کے الفاظ دہرائے ہیں‘سنگین غداری کا مقدمہ مشرف کیخلاف بننا چاہئے مگر انہیں تحفظ دیا گیا۔مسلم لیگ ن کے سینئررہنما نےکہاکہ سیاستدانوں نے ہی پاکستان بنایا اور اب وہی سب سے بڑاہدف ہیں جب تم سیاستدانوں کو سزا دینا اور انہیں بدنام کرناشروع کر دوگے تو دنیا میں کس طرح رہ سکتے ہو۔انہوں نےکہاکہ نواز شریف اس وقت سے نشانہ تھا جب سے اس نے حکومت سنبھالی‘سیاستدانوں کی کردار کشی ملک کیلئے کوئی اچھی ابتدا نہیں،متعصب بیانئے کے ذریعے قوم اورسیاستدانوں کےدرمیان ایک خلیج قائم کر دی گئی ہے۔پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پر تنقید کرتےہوئے جاویدہاشمی نےکہاکہ ان کی ڈوریاں کسی اورکے ہاتھ میں ہیں، اس کے پاس وزیراعظم بننے کی خواہش کے علاوہ کوئی نظریہ نہیں‘عمران خان عوام کی بجائے دوسروں کا ایجنڈا ہی آگے بڑھائے گا، اسے جلد یہ احساس ہوگا کہ کوئی اسے بری طرح استعمال کررہاہے۔انہوں نےکہا کہ سپریم کورٹ نے بھی ہمیشہ سیاستدانوں کو سزا دی اور تختہ دار پر لٹکایاہے۔
تازہ ترین