• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما میں ٹھندی لسی سے لطف اندوز ہوں

موسم گرما میں ٹھندی لسی سے لطف اندوز ہوں

لسی پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کاروایتی مشروب ہے جس کو دہی، پانی، چینی ،نمک یادیگر مصالحہ جات اور بعض اوقات پھلوں کا اضافہ کرکے بنایا جاتا ہے۔ لسی میں پسا ہوا زیرہ بھی ڈالا جاتا ہے جس سے اس کی خوشبومزید سحرانگیزہوجاتی ہے۔ میٹھی لسی میں مصالحہ جات کے بجائے چینی یاپھلوں کااضافہ کیاجاتاہے۔ بنگلہ دیش میں نمکین لسی پودینے کااضافہ کرکے بنائی جاتی ہے۔ لسی کے اوپر بالائی کی ایک تہہ اس کو مزید لذید بناتی ہے ۔

پاکستان میں تقریباً تمام پکوانوں کے ہمراہ لسی پیش کی جاسکتی ہے، تاہم ناشتے میں اس کا استعمال زیادہ عام ہے۔دہی کی سادہ لسی توبڑے چھوٹے سب ہی پسند کرتے ہیں، پاکستان میں جگہ جگہ کئی دکانیں موجود ہیں جو دہی فروخت کرتی ہیں جبکہ دہی اب بیکری مصنوعات کا حصہ بھی بن چکا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ لسی جسم میں ٹھنڈک پیداکرتی ہے۔ اسی لئے کئی افراد آم کھانے کے بعد لسی پیتے ہیںکیونکہ آم کی تاثیر گرم ہوتی ہے ۔

جسمانی صحت کے لئے لسی کے بے شمار فوائدہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ کھانا ہضم کرنے میںمدد فراہم کرتی ہے۔ اس کو متواتر پینےوالے افراد معدےکے امراض کا شکار نہیں ہوتے۔ یہ ہڈیوں کی مضبوطی یقینی بناتی ہےجبکہ جسم کی قوت مدافعت میںبھی اضافہ کرتی ہے۔ مختلف اقسام کی لسی کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں۔

موسم گرما میں ٹھندی لسی سے لطف اندوز ہوں

دہی کی لسی

اجزاء۔

دہی ۔آدھا کلو

چینی یا نمک۔ حسب ضرورت

پانی۔ ایک پاؤ

برف۔ حسب ضرورت

ترکیب۔

دہی کو کسی کھلے منہ کے برتن میں ڈالیں اور مدھانی سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔

حسب پسند چینی اور نمک ڈال کر خوب پھینٹ لیں اور جب چینی اچھی طرح سے دہی میں حل ہو جائے تو برف ڈال کر مدھانی چلائیں اور پانی ڈال کر مدھانی سے اچھی طرح ملا کرگلاس میں پیش کریں ۔

(نوٹ:بالکل اسی طریقےسے دودھ کی لسی بھی بنائی جاسکتی ہے ۔)

زعفران پستہ لسی

اجزاء۔

زعفران (کیسر)۔چند تاریں

پستہ(کٹا ہوا)۔دو کھانے کےچمچ

تازہ دہی ۔ تین کپ

چکنائی کا حامل دودھ۔ چار کپ

چینی۔پانچ چائے کے چمچ (پسی ہوئی )

برف کیوبز۔ پانچ تا چھ عدد

ترکیب ۔

دھیمی آنچ پر ایک نان اسٹک پین گرم کریں۔

اس میں زعفران (کیسر) کی تاریں شامل کریں اور تقریباً 10سیکنڈ تک خشک روسٹ کریں۔

اس میں دوکھانے کے چمچ دودھ شامل کریں اور آہستگی اور نرمی کے ساتھ مکس کریں اور تقریباً 15 منٹ کے لیے ایک جانب رکھ دیں۔

ماسوائے برف کیوبز تمام اجزائے ترکیبی باہم یکجا کریں۔

انہیں3تا 4منٹ تک ایک مکسر میں بلینڈ کریں۔

آم کی لسی

اجزاء۔

تازہ آم۔ایک کپ

تازہ دہی ۔ دو کپ

چکنائی والا دودھ۔ تین کپ

چینی۔چار چائے کےچمچ( پسی ہوئی)

برف کیوب پانچ عدد

ترکیب۔

ماسوائے برف کے علاوہ تمام اجزائے ترکیبی باہم یکجا کریں اور ایک مکسر میں دو سے تین منٹ تک بلینڈ کریں۔

انفرادی گلاسوں میں انڈیل دیںاور پیش کریں۔

الائچی کی لسی

اجزاء۔

تازہ دہی ۔دو کپ

مکمل چکنائی کا حامل دودھ۔دو کپ

چینی۔تین چائے کے چمچ( پسی ہوئی )

الائچی پاؤڈر۔چار چائے کے چمچ

برف کے مکعب ۔ پانچ عدد

ترکیب۔

ماسوائے برف کےتمام اجزائے ترکیبی باہم یکجا کریں۔

ایک مکسر میں 2 تا 3 منٹ تک بلینڈ کریں۔

انفرادی گلاسوں میں انڈیل دیں۔کھانے کیلئے پیش کریں۔

کھیرا لسی

اجزاء۔

کھیرا۔ ایک عدد (کیوبز)

دہی۔ ایک کپ

دودھ۔ ایک کپ

برف۔ آدھا کپ

پودینہ۔ چند پتے

ترکیب۔

ایک بلینڈر میں دہی، دودھ، برف، کھیرا اور پودینہ ڈال کر بلینڈ کر لیں۔

گلاس میں انڈیل کر ٹھنڈی لسی سرو کریں۔

اسٹرابیری کی لسی

اجزاء۔

اسٹرابیری۔ایک کپ

دودھ ۔ایک کپ

چینی۔ حسب ذائقہ

دہی۔ ایک کپ

برف۔ حسب ضرورت

ترکیب ۔

دودھ میں چینی کو اچھی طرح محلول کرکے گرائینڈر کے جگ میں ڈال دیں ۔

پھر اس میں اسٹرابیری شامل کریں اور اچھی طرح سے گرائینڈ کرلیں ۔

بعد ازاں اس میں دہی اور برف شامل کر کے پھر بلینڈ کریں۔

اس کے بعد اسے گلاس میں ڈالنے سے قبل حسب ضرورت برف شامل کریں، تاکہ لسی ٹھنڈی رہے۔

کھجور کی لسی

اجزاء۔

کھجور ۔پندرہ عدد

برائون شوگر۔دو چائے کے چمچ

آئس کیوب ۔ پانچ عدد

دہی۔ ایک کپ

دودھ۔ ایک کپ

ترکیب۔

بلینڈر میں کھجور ،برائون شوگر پائوڈر، آئس کیوب ، دہی اور دودھ ڈال کر بلینڈ کریں۔

اس کے بعد ایک گلاس میں نکال کر سرو کریں۔

کھجور کی لسی تیار ہے ۔

پودینہ زیرہ لسی

اجزاء۔

دہی۔ ایک کپ

پانی۔ ایک کپ

پودینے کے پتے۔ دو کھانے کے چمچ

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

برف۔ ایک کپ

ترکیب۔

گرائینڈر میں دہی، پانی، پودینہ، زیرہ اور نمک ڈال کر گرائینڈ کریں۔

پھر کٹی ہوئی برف شامل کرکے دوبارہ گرائینڈ کریں۔

اب گلاس میں ڈال کر سرو کریں۔

لیچی کی لسی

اجزاء۔

دہی۔ ایک کپ

لیچی ۔ایک کپ ( ٹکڑوں میں کٹی ہوئی)

لیچی کا جوس۔ایک کپ

پسی ہوئی الائچی۔ایک چوتھائی چمچ

چینی یا شہد۔حسب ذائقہ

برف ۔حسب ضرورت

ترکیب۔

دہی، چینی، لیچی کے ٹکڑے اور الائچی کا جوس ملاکر بلینڈر میں ڈال دیں۔

کچھ دیر بعد نکال کر چُورا کی ہوئی برف شامل کردیں۔ مزیدار لسی تیار ہے۔

کھوئے والی لسی

اجزاء۔

دہی ۔ایک کپ

بھنا میٹھا کھویا۔ایک کپ

چینی۔حسب پسند

پسی ہوئی الائچی۔ ایک چٹکی

ترکیب۔

تمام اجزا ء کو خوب اچھی طرح بلینڈر میں ڈال کر یکجان کرلیں۔

اس میں برف ڈال کرپیش کریں ۔

تازہ ترین