• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گیس والی ڈرنک چھوڑیں۔۔۔

پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جہاں چاروں موسم اپنی شدت اور رعنائی کے ساتھ ملتے ہیں۔ بعض علاقوں کے درجہ حرارت میں 70سے 80ڈگری گریڈ کا فرق ملتا ہے۔ یہاں +50ڈگری سینٹی گریڈ سے لے کر سیاچن میں -30 ڈگری درجہ حرارت تک ملتا ہے۔ جہاں سمندر بھی موجود ہے اور دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ کے ٹو بھی۔ یہاں گرمی، سردی، خزاں، بہار اپنی پوری شدت،رعنائی، رنگوں اور خوبصورتی کے ساتھ نظر آتی ہے۔ 

یہاں دنیا کے بہترین اور خوش ذائقہ پھلوں اور سبزیوں کی اقسام موجود ہیں ۔جن میں آم اور کینو سرفہرست ہیں۔ اﷲتعالیٰ نے جہاں سرد موسموں اور خون جما دینے والے موسموں سے نبرد آزما ہونے کے لئے خوبانی‘ بادام‘ اخروٹ‘ چلغوزہ‘ شہتوت عطا کئے ہیں وہاں گرم موسم سے بچاؤ کے لئے ٹھنڈے اور تازہ پھل اور سبزیاں بھی دی ہیں۔ہرپھلوں اور سبزیوں کو کھانےکا اپنا فائدہ ہے۔ انکو مختلف طریقوں سے مختلف پکوانوں کی صورت میں تیار کیا جاتا ہے۔ مختلف پھلوں سے جوسز، شیکس اور طرح طرح کی لسی بنائی جا تی ہے۔ 

جن کو شوق سے پیا جاتا ہے ۔یوں تو تمام سال ہی مختلف جوسز، شیکس اور لسی کا استعمال عام ہوتا ہے۔مگر گرمیوں میں ان کا استعمال عام حد سے بڑھ جاتا ہے۔سردیوں میں گاجر،مالٹا،مسمی کا جوس جبکہ گرمیوں کی خاص سوغات آم کا ملک شیک ہے۔ اس کے علاوہ گرمیوں میں بہت سے ٹھنڈے جوسز استعمال ہوتے ہیں۔سیب اور کیلے کا جوس اور ملک شیک سارا سال پیا جاتا ہے۔

ناشتہ کے ساتھ لسی پینا عام رواج ہے۔طرح طرح کے پھلوں کے جوسز اور شیکس بہت سی بیماریوں سے بچاتے ہیںاورچہرے کو تروتازہ رکھتے ہیں۔ان میں صحت کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کا خزانہ ہوتا ہے۔وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ جوسز،ملک شیکس اور لسی بھی نئے انداز سے بنائے جانے لگے ہیں۔مختلف پھلوں سے جوسز،ملک شیکس اور لسی بنانے کے طریقے توجہ فرمائیں۔

سیب اور دارچینی کا ملک شیک

اجزاء۔

سیب۔ ایک عدد

چینی ۔دو کھانے کے چمچ

کریم ۔چار کھانے کے چمچ

دودھ ۔دو گلاس

دار چینی۔ ایک چٹکی (پسی ہوئی)

ترکیب۔

1۔پہلے سیب کو کاٹ کر بلینڈر میں ڈالیں۔

2۔اب اس میں چینی اور کریم شامل کرکے بلینڈ کریں۔

3۔پھر دودھ شامل کرکے دوبارہ بلینڈ کرلیں۔

4۔آخر میں گلاس میں نکلال لیں اور دار چینی ڈال کر سرو کریں۔

خربوزہ شیک ود یوگرٹ

اجزاء۔

خربوزہ۔ میٹھا آدھا کلو (کاٹ کر موٹے موٹے ٹکڑے کرلیں)

دہی ۔ایک پاؤ

چینی ۔دو کھانے کے چمچ

کاجو۔ چھ عدد

اخروٹ کی گری۔ چار کھانے کے چمچ

ترکیب۔

1۔خربوزے کے ٹکڑے بلینڈر میں دہی، چینی اور کاجو کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔

2۔جب اچھی طرح مکس ہو جائیں تو گلاس میں نکال لیں۔

3۔اوپر سے کاجو اور اخروٹ کی گری ڈال کر سرو کریں۔

چیکو شیک

اجزاء۔

چیکو۔ دو عدد

دودھ۔ ایک گلاس

چینی۔ ایک کھانے کا چمچ

چاکلیٹ سیرپ۔ دو کھانے کے چمچ

چیری۔ حسب ضرورت

ترکیب۔

1۔پہلے بلینڈر میں چیکو، چاکلیٹ سیرپ، دودھ اور چینی ڈال کر خوب بلینڈ کریں۔

2۔پھر اسے گلاس میں نکال کر اوپر چیری لگاکر مزے دار چیکو شیک سرو کریں۔

ٹروپیکل بریز ملک شیک

اجزاء

دودھ۔ آدھا کلو

کیلے ۔چار عدد

پائن ایپل۔ دو رنگ پیسز

چیری ۔آدھا کپ

آئس کریم۔ تین کپ

کوکونٹ ملک ۔ایک کین

ترکیب۔

1۔ایک بلینڈر میں دودھ، کیلے، پائن ایپل رنگ، چیری، آئس کریم اور کوکونٹ ملک ڈال کر بلینڈ کر لیں۔

2۔پھر گلاس میں ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا سرو کریں۔

پیچی بنانا بوسٹ

اجزاء۔

کیلے ۔دو عدد

دودھ۔ ایک کپ

برف ۔آدھا کپ

آڑو ۔دو عدد

ترکیب۔

1۔ایک بلینڈر میں کیلے، دودھ، برف اور آڑو ڈال کر بلینڈ کریں۔

2۔پھر گلاس میں ڈال کر سرو کریں۔

کیوی اینڈ مینگو شیک

اجزاء۔

آم۔ ایک عدد

کیوی۔ آدھا عدد

برف۔ ایک سو پچاس گرام

دودھ ۔ایک سو پچاس ملی گرام

شوگر سیرپ۔80 ملی گرام

ترکیب۔

1۔سب سے پہلے آم اور کیوی کے چھلکے اُتار کر کاٹ لیں۔

2۔اس کے بعد بلینڈر کے جگ میں تمام اجزاء ملا کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔

3۔جب بلینڈ ہو جائے تو گلاس میں نکال کر سرو کریں۔

سمرپیچ ڈرنک

اجزاء۔

آڑو۔ ایک کپ

چینی ۔دو کھانے کے چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

ٹھنڈا پانی۔ ایک کپ

برف۔ حسبِ ضرورت

پودینہ۔ گارنش کے لیے

آڑو ۔سلائس گارنش کے لیے

ترکیب۔

1۔بلینڈر میں کٹے آڑو، چینی، لیموں کا رس، ٹھنڈا پانی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔

پھر گلاس میں نکال کر سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین