اسلام آباد(عاصم یاسین)چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے اور یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ انگوری روڈ اور بوباری گائوں کا نام تبدیل کرکےکرنل شہید سہیل عابد کے نام پر رکھا جائے جنہوں نے کچھ روز قبل ہی کوئٹہ ، بلوچستان کے علاقے کلئی میں جام شہادت نوش کیا ہے۔اپنے خط میں رحمان ملک نے چیف سیکریٹری پنجاب کو کہا ہے کہ کرنل شہید سہیل عابد کے بوڑھے باپ کی خواہش پر یہ درخواست کی جاتی ہے کہ انگوری روڈ جو کہ مری موٹر وے سے ان کے آبائی گائوں بوباری کی جانب آنے والا چھوٹا روڈ ہے اس کا نام تبدیل کرکے کرنل شہید سہیل عابد روڈ کیا جائے۔انہوں نے خط میں یہدرخواست بھی کی ہے کہ کرنل سہیل عابد کے آبائی گائوں بوباری کا نام بھی تبدیل کرکے کرنل شہید سہیل عابد نگر کیا جائے ، جو کہ مرحوم کے گھروالوں ، خاص طور پر ان کے بزرگ والد کی خواہش ہے۔ چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے اپنے خط میں لکھا ہے کہشہید کے گھروالوں کی اس خواہش کو کرنل شہید سہیل عابد کی اپنے وطن پر جان وارنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پورا کیا جانا چاہیئے۔دریں اثنا ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بطور قوم اپنی مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اورانٹیلی جنس ایجنسیوں کی اپنے وطن کی خاطر دی گئی قربانیوں پر فخر ہےاور ان کی بے لوث قربانیوں کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔