• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری کی میگھن مارکل سے شادی کو 1.9 ارب لوگوںنے دیکھا

لاہور(صابر شاہ)فرانسیسی سوشل میڈیا مانیٹرنگ فرم ’’ویسی برین‘‘کے مطابق ٹوئٹر کے اعداد و شمار کے تحت 60لاکھ کے قریب افراد نے اس شادی سے متعلق ٹوئٹ کیا۔برطانوی اخبار دی مرر کے مطابق 467ارب روپے کی شاہی شادی کو 1اعشاریہ 9ارب افراد نے ٹی وی پر دیکھا۔اس موقع پر میگھن مارکل نے1950 کے کردار سنڈریلا کے لباس کا تبدیل شدہ ورژن زیب تن کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق،115سال پرانے برطانوی روزنامے ’’دی مرر‘‘ کے مطابق،برطانوی شہزادہ ہیری کی میگھن مارکل سے ہونے والی حالیہ شادی میں تقریباً3ارب پائونڈ کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً467ارب روپے بنتی ہے۔یہ رقم کچھ ممالک کے قومی قرضوں سے زیادہ ہے۔جب کہ دنیا بھر کے تقریباً1اعشاریہ9ارب لوگوں نے ٹیلی وژن پر شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شاہی شادی دیکھی۔فرانسیسی سوشل میڈیا مانیٹرنگ فرم ’’ویسی برین‘‘کے مطابق ٹوئٹر کے اعداد و شمار کے تحت 60لاکھ کے قریب افراد نے اس شادی سے متعلق ٹوئٹ کیا، جو کہ ان کے بڑے بھائی کی شادی پر کیے گئے ٹوئٹ سے تین گنا زیادہ ہے۔ڈیلی مرر کے مطابق تاریخ میں سب سے زیادہ فلمی ستارے اس شادی میں ہی جگمگائے۔کلیئر ویئٹ کیلر کا ڈیزائن کردہ جوڑا جو کہ میگھن مارکل نے اپنی شادی پر زیب تن کیا تھا ، وہ والٹ ڈزنی کے 1950 کے کردار سنڈریلا کے پرنس چارمنگ کے ساتھ شادی میں زیب تن کیے گئے جوڑے کا تبدیل شدہ ورژن تھا۔دوسری جانب ہیری نے مکمل فوجی یونی فارم زیب تن کیا تھا1964 سے برطانیہ میں شائع ہونے والے اخبار’’دی سن‘‘کے مطابق میگھن مارکل کی شاہی شادی بالکل ڈزنی کی سنڈریلا جیسی تھی۔اس شاہی شادی کے مہمانوں میں بھارتی فنکارہ پریانکا چوپڑا ، سمیت ٹینس اسٹار سرینا ولیمز، برطانوی فٹبال لیجنڈ ڈیوڈ بیکھم وغیرہ نے شرکت کی۔معروف امریکی ٹیلی وژن میزبان اوپرا ونفری بھی مہمانوں میں شامل تھیں۔شہزادہ ہیری کی 92برس کی دادی ملکہ الزابتھ دوئم اپنے 96برس کے شوہر شہزادہ فلپ کے ہمراہ شادی میں شریک ہوئیں ۔میگھن کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ اور ہیری کے والدشہزادہ چارلس نے دلہن کو گرجا میں پہنچنے میں مدد کی۔اس موقع پر شہزادہ چارلس کی دوسری بیوی شہزادی کمیلا بھی موجود تھیں۔شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم اپنی بیوی کیٹ مڈلٹن اور اپنے بچوں جارج اور شارلیٹ کے ہمراہ شادی میں شریک ہوئے۔شہزادہ اینڈریو اپنی سابقہ بیوی سارا فیرگیوسن اور بیٹیوں شہزادی بیٹرائس اور شہزادی یوگینائی کے ہمراہ تقریب میں شریک تھے۔ہمیشہ کی طرح اس شاہی شادی میں بھی کچھ اتار چڑھائو آئے۔بھارتی این ڈی ٹی وی کے مطابق ہیری اور میگھن کی شادی میں کچھ دلچسپ باتیں ہوئیں جیسا کہ شہزادہ ہیری کو روایت کے مطابق دلہن کی چادر گرجا کے اندر اٹھا کر لے جانی تھی ، جس میں انہیں مشکلات ہوئیں ، تاہم وہ اسے لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔جس کے بعد کیمروں کا رخ دلہا کے والد شہزادہ چارلس کی جانب ہوگیا، جو تقریب کے وقت اونگھتے نظر آئے۔معروف برطانوی میڈیا ہائوس دی ٹیلی گراف کے مطابق نوبیاہتا جوڑا شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل ، ایک جذباتی تقریب کے بعد جس نے پوری قوم کو اپنے حسار میں لے لیا تھا ، اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کررہے ہیں۔اس جوڑے کے اعزاز میں پرنس آف ویلز نے تقریر بھی کی ۔اس نوبیاہتا جوڑے کو اب ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کہا جائے گا ، انہوںنے ہفتے کی رات اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ونڈسر کیسل میں پارٹی کرتے گزاری۔جب کہ اتوار کو ملکہ اور ڈیوک آف ایڈنبرگ کا فیئر ول منایا ، جس کے بعد وہ اپنے گھر ناٹنگھم کاٹج ، کینسنگٹن پیلس کی جانب روانہ ہوئے۔بحیثیت میاں بیوی یہ نوبیاہتا جوڑا پرنس آف ویلز کی 70ویں سالگرہ میں شرکت کرے گا۔دریں اثناء معروف بھارتی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانج نے 20مئی،2018کی صبح ٹوئٹر پر اپنے برمنگھم میں ہونے والے کنسرٹ کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں ، جس میں گلوکار نے 19مئی کی رات کو جو پرفارمنس دی تھیں ، اس سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر شامل تھیں۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، اپنے کنسرٹ میں دلجیت نے نوبیاہتا شاہی جوڑے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کو خراج تحسین پیش کیا، جب کہ ان کے پرستاروں کی جانب سے انٹرنیٹ پر ویڈیوز بھی زیر گردش رہیں۔معروف امریکی ٹی وی چینل سی این این کی رپورٹ کے مطابق، شاہی روایات کے مطابق ہونے والی تقریب کے بعد نئی ڈچز آف سسیکس کی سوانح نگاری بھی برطانوی شاہی خاندان کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ، جس میں ان کی سرگرمیوں کو اجاگر کیا گیا۔اس میں واضح فونٹ میں میگھن مارکل کی اس تقریر کا حصہ بھی تحریر تھا جو انہوںنے 2015کے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کی تھی۔جس میں انہوں نے کہا تھا کہ مجھے عورت اور عورتوں کے حقوق کی علمبردار ہونے پر فخر ہے۔سی این این کے مطابق، ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کا آخری عوای دیدار ہفتے کی شام کو ہوا جب وہ ونڈسر کیسل سے نکل کر جنوب کی جانب فروگمور ہائوس کی جانب گئے۔جہاں ہیری کے والد شہزادہ چارلس نے جوڑے کے دوستوں اور گھروالوں کے 200کے قریب افراد کی مہمان نوازی کی۔اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوتا رہا اور معروف مہمان جن میں ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز اور بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی شاہی خاندان کے ہمراہ تقریب میں موجود تھیں۔جب کہ تمام 6سو مہمانوں کو دوپہر کو کھانے پر بھی مدعو کیا گیا ، جہاں ملکہ ونڈسر کیسل کے سینٹ جارج ہال میں ان کی میزبانی کریں گی ۔یہاں پر ایلٹن جان جو کہ مرحومہ شہزادی ڈیانا کے دوست تھے اور ان کی آخری رسومات میں بھی اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں ، وہ یہاں تین گانے گائیں گے، جب کہ ہیری کے بہترین دوست شہزادہ ولیم کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
تازہ ترین