• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 بوڑھے اور معذور حجاج کے لیے مفت شٹل سروس فراہم

مسجد حرام کی انتظامیہ نے بوڑھے، مریض اور معذور حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسکوٹرز کی شکل میں مفت شٹل سروس فراہم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسجد حرام میں ٹرانسپورٹ سروس کے ڈائریکٹر صالح محمد علی ہوساوی نے میڈیا کو بتایا کہ حرم شریف کی پہلی منزل کے میزانائن فلور کو ان برقی سواریوں کے ذریعے طواف اور سعی کرنے والوں کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔

میزانائن فلور پر ان اسکوٹرز کی تعداد سات سو بتائی گئی ہے جب کہ فری وہیکل سروس کے تحت تمام سواریوں کی مجموعی تعداد 8700 ہے جو مسجد حرام کے تمام اطراف کے مخصوص پوائنٹس پر موجود ہوں گی۔

 بوڑھے اور معذور حجاج کے لیے مفت شٹل سروس فراہم

شٹل سروس تک لوگوں کی آسان رسائی کے لیے مختلف مقامات پر کاؤنٹر بھی بنائے گئے ہیں جہاں سے زائرین کو شٹل سروس کے استعمال کے سلسلے میں معلومات مل سکتی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اسکوٹرز اسٹینڈز کے ساتھ کیو آرکوڈ فراہم کیے گئے ہیں جنھیں اسکین کرکے روٹ اور متعلقہ نقشہ معلوم کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ یہ سروس پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے جس کے تحت بوڑھے اور مریض زائرین کو الشبیکہ کے علاقے سے شاہ فہد توسیع کے علاقے اور میزانائن فلور تک پہنچانے کی سروس فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈائریکٹر صالح محمد علی ہوساوی کے مطابق تین ہزار سے زائد سعودی نوجوانوں کو مختلف شفٹوں میں بھرتی کیا گیا ہے جو سواریوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے بروقت نمٹیں گے۔

تازہ ترین