• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی شاہراہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں متعلقہ محکموں کی لاتعلقی

رانی پور( نامہ نگار ) قومی شاہراہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں متعلقہ محکموں کی لاتعلقی کی وجہ سے علاقے کے لوگ حادثات کا شکار ہو کر زندگی سے محروم اور معذور ہونے لگے۔ رانی پور میں قومی شاہراہ کے پونے دو کلومیٹر حصے میں دونوں طرف گاڑیوں کے غیر قانونی اسٹاپ، کھوکھے، ٹھیلے، ریڑھیاں، تعمیراتی مٹیریل مٹی اور گندگی کے 4 فٹ اونچے ڈھیر لگنے کی وجہ سے حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں شہریوں کی شکایت پر محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی موٹروے پولیس اور سندھ پولیس میں کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کے لئے تیار نہیں۔ تمام محکمے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھرا کر جان چھڑاتے ہیں اور شہری روز حادثات کا شکار ہو رہے ہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی جو قومی شاہراہ پر گاڑیوں سے روزانہ کروڑوں روپے ٹیکس وصول کرتا ہے درپیش مسائل کے حل کے لئے کوئی کارروائی نہیں کرتا نہ ہی موٹر وے پولیس جو قیمتی گاڑیوں میں ہائی وے پر چکر لگاتے ہیں غیرقانونی اسٹاپ اور ٹریفک رکاوٹیں ہٹانے کے لئے کوئی کارروائی نہیں کرتے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹریفک کی اسپیڈ کم کرنے کے لئے غیر معیاری اور چھوٹے سائز کے کیٹ آئیز لگائی ہیں جو گاڑیوں کی رفتار آہستہ کرنے کے لئے کارآمد ثابت نہیں ہو ر ہیں اور کیٹ آئیز کی کیل نے بھی خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ سول سوسائٹی نے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی آئی جی سندھ پولیس آئی جی موٹر وے پولیس سے مطالبہ کیا ہے مسائل حل کرا کے حادثات سے محفوظ کیا جائے۔

تازہ ترین