• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلیٹی اداروں کو تعمیرو مرمت کے دوران سڑک کاٹنے کی اجازت نہ دینے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے محکمہ ٹیکنیکل سروسز کو حکم دیا ہے کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کسی بھی منصوبے میں یوٹیلیٹی اداروں کی جانب سے سڑک کاٹنے کی درخواست منظور نہ کی جائے تاکہ ان نو تعمیر شدہ سڑکوں کو قواعد کے خلاف کاٹے جانے سے روکا جاسکے، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے تمام زونز کے چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنٹ انجینئر ،الیکٹریکل اور میکینکل سے متعلق انجینئرز کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ نوتعمیر شدہ سڑکوں کی کٹنگ کے لئے کسی بھی یوٹیلیٹی ادارے کی درخواست اس وقت تک منظور نہ کریں جب تک یہ پروجیکٹ اپنی تکمیل اور لوکل گورنمنٹ پروجیکٹس حکومت سندھ کی طرف سے ان کی مینٹی ننس کی مدت ختم ہونے پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حوالے نہ کردی جائیں،میئر کراچی کی ہدایت پر محکمہ ٹیکنیکل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام زونل چیف انجینئرز، چیف انجینئر ای اینڈ ایم اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر I&QC کو مذکورہ بالا ہدایات جاری کردی ہیں جن کے تحت یوٹیلیٹی اداروں کی طرف سے شہر میں لوکل گورنمنٹ پروجیکٹس کے تحت تعمیر شدہ نئی سڑکوں کو کاٹنے کی درخواست اس وقت تک قبول نہیں کی جائے گی جب تک یہ سڑکیں مکمل ہونے اورمتعلقہ ادارے کی طرف سے مینٹی ننس کی مدت پوری ہونے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حوالے نہیں کردی جاتیں،میئر کراچی نے مزید ہدایت کی ہے کہ ان پروجیکٹس کے علاوہ بھی شہر میں کسی بھی مقام پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے تعمیر کی جانے والی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کٹنگ کی اجازت دینے سے قبل تمام تر قواعد کو پیش نظر رکھا جائے اور صرف انتہائی ضرورت کے تحت ہی سڑکوں کو کاٹنے کی اجازت دی جائے، انہوں نے کہا کہ سڑکیں اور فٹ پاتھ شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کا حصہ ہیں اور ان کی تعمیر کا مقصد شہریوں کو سفری سہولیات مہیا کرنا ہے لہٰذا ہمیں صرف سڑکوں کو تعمیر ہی نہیں کرنا بلکہ ان کی حفاظت اور انہیں بہتر حالت میں رکھنے کا بھی انتظام کرنا ہے تاکہ یہ منصوبے طویل مدت تک شہریوں کے کام آسکیں۔
تازہ ترین