• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے پختونخوا،زرداری نے سندھ تباہ کردیا،احتساب کب ہوگا، شہبا زشریف

اوکاڑہ ، لاہور(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 100دن کا ویژن دینے والے کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں‘ 5سال میں کے پی میں ایک دھیلے کا کام نہیں ہوا ۔زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا ۔عدالت اورنیب سے کہوں گا کہ مل کر اس ملک کو بنائیں ،اچھے کو اچھا کہیں اور برے کو اس کے گھر تک پہنچائیں۔زرداری اور عمران کا احتساب کب ہوگا،ایک نے سندھ ،دوسرے نےخیبر پختونخوا تباہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوکاڑہ میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ جھوٹ اور سچ میں تمیز کریں،الزامات اور کام میں تمیز کریں‘زرداری دوبئی چلے گئے ہیں امید ہے جلد واپس آئیں گے۔ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا 2018میں عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیں گے ان کو ووٹ دیں گے جنہوں نے خون پسینہ بہایا۔انہوں نے کہا کہ نیب سب کا احتساب کرے تودنیاگواہی دے گی‘پنجاب میں نیب ضرور کردار کرادر ادا کرے لیکن کے پی کو تباہ کر دیا گیا کراچی کو کرچی کرچی کر دیا گیا‘ کئی سو ارب ہڑپ ہو گئے ۔ انہوں نے کہا کہ 100دن کا ایجنڈا دیا ہے نیازی نے ،میں پوچھتا ہوں کہ5سال میں کے پی برباد کر دیا۔100دن کا ایجنڈا دے کر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہو ‘سچی عزت ملتی ہے کام سے ،کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے۔پنجاب پھر سے ہے ٹاپ پر ،کچھ رحم کرو اپنے آپ پر۔ جنہوں نے دھرنے دئیے الزامات لگائے عوام ان سے نفرت کرتے ہیں ان کا استقبال کالی اور سیاہ جھنڈیوں سے کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے چنیوٹ میں بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور ضلعی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔
تازہ ترین