• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ، ڈکیتی پر مزاحمت کے دوران 2 پاکستانی بھائی قتل

لاہور (مانیٹرنگ سیل) جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے نواحی علاقےمیں 3پاکستانی بھائی رضا المصطفیٰ، رضا العطا ءاور رضا المرتضیٰ کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں مزاحمت پر 2بھائی جاں بحق جب کہ ایک زخمی ہوگیا، واقعے میں جاں بحق ہونے والے رضا مصطفیٰ کے صاحبزادے فاروق لاہور کے گورنمنٹ کالج میں زیر تعلیم ہیں، مقتول کے بیٹے نےبتایاکہ ان کے والد، چچا اور تایا گزشتہ 6 سال سے کاروبار کےسلسلے میں جنوبی افریقہ میں مقیم تھے، گزشتہ رات ان کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں فاروق کے والد اور چچا جاں بحق جبکہ تایا زخمی ہو گئے۔ مقتول رضا المصطفیٰ کے بیٹے فاروق کا کہنا ہےکہ ان کے والد ہاکی کے سابق کھلاڑی تھے، مقتولین کے اہلخانہ کا کہنا ہےکہ انہیں بتایا گیا ہےکہ ڈکیتی رات کے وقت ہوئی، ڈاکو گھر میں گھس آئے جس پر ایک بھائی نےمزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے 2 بھائی موقع پر جاں بحق اور 1 زخمی ہوگیا جو جوہانسبرگ کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔اہلخانہ کے مطابق مقتولین کی لاشیں ابتک ان کے حوالے نہیں کی گئیں۔ لاشوں کی حوالگی کے لئےقانونی کارروائی جاری ہے جس کے بعد انہیں پاکستان لایا جائےگا۔
تازہ ترین