• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے پختونخوا،زرداری نے سندھ تباہ کردیا،احتساب کب ہوگا،شہباز شریف

اوکاڑہ ، لاہور( نمائندہ جنگ، جنرل رپورٹر، مانیٹرنگ سیل ،نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا اور آصف علی زرداری نے سندھ کو تباہ کردیا ہے، ان کا احتساب کب ہوگا؟ 100 دن کا ویژن دینے والے کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔کس کو دھوکہ دے رہے ہیں۔5سالوں میں کے پی میں دھیلے کا کام نہیں ہوا ۔زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا ۔عدالت اورنیب سے کہوں گا کہ مل کر اس ملک کو بنائیں ،اچھے کو اچھا کہیں اور برے کو اس کے گھر تک پہنچائیں۔ زرداری اور عمران کا احتساب کب ہوگا،ایک نے سندھ ،دوسرے نے پختونخوا تباہ کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ جھوٹ اور سچ میں تمیز کریں،الزامات اور کام میں تمیز کریں،100دن کا ویژن دیا گیاہے ہم نے گزشتہ5سال میں ہزاروں کام کئے ،کے پی میں5سالوں میں دھیلے کا کام نہیں ہوا وہاں مائنس6میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی نہ کوئی ہسپتال بنا۔زرداری دوبئی چلے گئے ہیں امید ہے جلد واپس آئیں گے۔ملکی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا 2018میں عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیں گے ان کو ووٹ دیں گے جنہوں نے خون پسینہ بہایا۔انہوں نے کہا کہ نیب ایک آئینی ادارہ ہے جس نے کرپشن کاکھوج لگانا ہے وہ اکراس دی بورڈ احتساب کرے تو دینا گواہی دے گی، پنجاب میں نیب ضرور کرادر ادا کرے لیکن کے پی کو تباہ کر دیا گیا کراچی کو کرچی کرچی کر دیا گیا کئی سو ارب ہڑپ ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ 100دن کا ایجنڈا دیا ہے نیازی نے ،میں پوچھتا ہوں کہ5سال میں کے پی برباد کر دیا۔100دن کا ایجنڈا دے کر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہو ہم نے ایک ہزار کام کئے جنہیں دنیا مانتی ہے سڑکیں بنائیں فلائی اوور بنائے وہ خدمت کی کہ عوام دعائیں دے رہے ہیں۔سچی عزت ملتی ہے کام سے ،کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ گالی گلوچ کرتے رہے ،دھرنےدیتے رہے اور ہم کام کرتے رہے ۔پنجاب پھر سے ہے ٹاپ پر ،کچھ رحم کرو اپنے آپ پر۔ جنہوں نے دھرنے دئیے الزامات لگائے عوام ان سے نفرت کرتے ہیں ان کا استقبال کالی اور سیاہ جھنڈیوں سے کرتے ہیں۔میں نے ہسپتال میں مردو خواتین اور بزرگوں سے پوچھا سب نے کہا کہ کام بہتر ہو گیا ہے ۔بہتر سے بہتر کی تلاش میں ہیں ہمیں دعائیں ہی کافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مردم شماری میں پنجاب کی آبادی11کروڑ ہے ۔منزل آگے ہے ،منزل لمبی ہے ہمیں تعلیم اور اور علاج کے میدان میں وسائل مہیا کرنے ہوں گے ایک دن ضرور آئے گا پاکستان پنجاب ملائشیا،ترکی اور یورپ کے ہم پلہ ہو گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں20موبائل ہسپتال مہیا کئے گئے ہیں جن کے اندر الٹرا ساؤنڈ ،خواتین کے لئے ڈاکٹرز اور ایکسرے مشین سمیت جدید ترین سہولیات ہیں جو ہم پنجاب میں لے کر آئے ہیں، یہ ان علاقوں میں جائیں گے جہاں سے لوگ آ جا نہیں سکتے۔یہ مسلم لیگ ن کی خدمت اور میاں نوازشریف کی حکومت کا کارنامہ ہے ۔ابھی20مئی کو اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی نے تسلیم کیا کہ پاکستان بھر میں پنجاب تعلیم اور صحت کے معاملے میں سب سے آگے ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اوکاڑہ ہسپتال کی پرانی عمارت تھی نئی عمارت کی تعمیر سے خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہیلتھ کیئر کے شعبہ جات یہاں پر ایسے ہیں جو لاہور اور کراچی کے ہسپتالوں کے ہم پلہ ہوں گے یہ بہت بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ سی ٹی سکین کا نظام پنجاب کے15اضلاع میں لگ چکا ہے یہ جن ہسپتالوں میں لگے ہیں ان کی انتطامیہ کا اس پر کوئی اختیار نہیں جن کمپنیوں نے یہ نظام مہیا کیا ہے وہی اسے چلا رہی ہیں۔یہ نظام24گھنٹے چلے گا، سارے کا سارا خرچہ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ یہ پورے نظام پنجاب میں کروڑوں اربوں کی سرمایہ کاری سے قائم کیا گیا ہے ۔جس نظام میں ہسپتال کی مشین خراب اور باہر کی مشینیں چلتی تھیں وہ نظام دفن ہو گیا ہے ۔پنجاب کے ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے علاج کا نظام یورپ کے نظام سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اگلے الیکشن میں کامیابی دی دوبارہ حکومت کا موقع ملا تو اوکاڑہ میں نیا ہسپتال قائم کریں گے ۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں کامیابی کے بعد دیپالپور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کریں گے اوکاڑہ میں ریلوے کراسنگ کا مسئلہ حل کریں گے اگر عوام نے خادم پاکستان چنا تو ریلوے کا کام بھی کروائیں گے وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد مسلم لیگ ن زندہ باد اور میاں نوازشریف زندہ باد کے نعرے لگوائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے چنیوٹ میں بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ، انسینریٹر اور تعمیر نو کے منصوبوں کا افتتاح کیا اور ضلعی ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔انہوں نے ضلعی ہسپتال چنیوٹ میں انسینریٹر پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ فیصل آباد روڈ کیلئے 2 ارب روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ الیکشن کے بعد موقع ملا تو اس سڑک کو 6 ماہ میں بنا کر دیں گے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سیکرٹری صحت علی جان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے گزشتہ روز ارکان اسمبلی ،بلدیاتی نمائندوں اورمسلم لیگی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔اراکین اسمبلی، چیئرمین ضلع کونسل خانیوال اورمسلم لیگی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت پربھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے میگاپراجیکٹ دوسرے صوبوں کیلئے مثال بن چکے ہیں ۔جنوبی پنجاب ،خیبر پختونخوااور دیگر صوبوں سے تعلیم اورصحت کے حوالے سے بہت آگے ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کیلئے دن رات کام کیا ۔باقی باتیں بناتے رہے ،مسلم لیگ(ن) نے جنوبی پنجاب کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ بنایا ۔اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو اگلے الیکشن کے بعد جنوبی پنجاب میں نئے ہسپتال ،سکول،کالج، یونیورسٹیاں اورسڑکیں بنائیں گے۔انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں،پتھالوجی لیب ،انسینرٹیر اورموبائل ہیلتھ یونٹ سے انقلابی تبدیلی آچکی ہے۔نیازی صاحب کو 100دن کی بجائے قوم کے 22ماہ ضائع کرنے کا حساب دینا ہوگا۔چیئرمین ضلع کونسل خانیوال رضا سرگانہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں جنوبی پنجاب میں ترقی اورخوشحالی کا انقلاب برپا کیا ۔حاجی غلام جعفر سرگانہ نے کہا کہ خانیوال کے دیہات میں نئے سکول اورہسپتال پاکستان مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے۔رکن اسمبلی اورمسلم لیگی رہنماؤں نے تاثرات میں کہا کہ پنجاب کو شہبازشریف کی صورت میں حقیقی ویژنری قیادت میسر آئی۔وزیراعلیٰ سے ملاقاتیں کرنیوالوں میں ایم پی اے خرم اعجاز چھٹہ ، چیئرمین ضلع کونسل خانیوال رضاسرگانہ ،مسلم لیگی رہنماء حاجی غلام جعفر سرگانہ اورحماد میرانی نے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکپتن میں مزدوری مانگنے پر بھٹہ مزدور خاتون کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں ہیلتھ کیئر منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران ایک صحافی نے میاں شہباز شریف سےسوال کیا کہ میاں نوازشریف اور آپ کے بیانیے میں فرق ہے ،سچ کیا ہے ؟ جس پر میاں شہباز شریف نے کہا کہ بات سچ اور جھوٹ کی نہیں ،مسلم لیگ ن ایک پارٹی ہے جس میں گلگت بلتستان سے لے کر کراچی تک کے لوگ ہیں، میاں نوازشریف ہمارے لیڈر ہیں ،اختلاف رائے بھی ہوتا ہے، ہر کسی کی اپنی رائے ہوتی ہے ،بات اختلاف رائے کی ہے، سچ اور جھوٹ کی نہیں۔
تازہ ترین