• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
افطار دستر خوان...

ڈاکٹر ہما میر،کراچی

اس اتوار ،ہم آپ کے افطار دسترخوان کے لیے چند صحت بخش مشروبات کی تراکیب لیے حاضر ہیں۔کوشش کیجیے،پھلوں سے جو بھی مشروبات تیار ہوں،اُن میں اضافی چینی نہ ملائی جائے کہ زیادہ میٹھا شربت پینے سے بھی طبیعت میں بھاری پن پیدا ہوجاتا ہے۔اگر بہت ضروری سمجھیں، تو شہد ملالیں۔ذیل میں ایسے مشروبات کی تراکیب درج کی جارہی ہیں، جن میں اضافی چینی ڈالنے کی ضرورت نہیں۔

تربوز کا شربت

اجزاء:تربوز(بیج نکال کر چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں)ایک عدد، پانی حسبِ ضرورت اور برف کے کیوبز۔

ترکیب: تربوز، تھوڑا سا پانی اور برف کے کیوبز ڈال کر بلینڈ کرلیں اور افطار میں فرحت بخش مشروب کا لطف اُٹھائیں۔اگر شربت پھیکا محسوس ہو، توحسبِ ضرورت لال شربت مکس کیا جاسکتا ہے۔

دودھ، بادام کا شربت

اجزاء:دودھ آدھا لیٹر، بادام دس دانے، کیلے دو عدد، شہد دو چائے کے چمچ اور برف کے کیوبز۔

ترکیب: بادام رات کو پانی میں بھگو کر رکھ دیں۔ صُبح چھلکا اُتار کر باریک کاٹ لیں۔ اب بلینڈر میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ منٹوں میں لذیذ شربت تیار ہے۔

مِکس فروٹ جوس

اجزاء:اسٹرابیری دس عدد، انناس کے ٹکڑے تین چوتھائی کپ، کیلا ایک عدد، دہی تین چوتھائی کپ، اورنج جوس آدھا کپ اور برف کے کیوبز۔

ترکیب:تمام اجزاء بلینڈر میں ڈال کے بلینڈ کرلیں۔چوں کہ یہ مشروب تھوڑا کھٹا ہوتا ہے، اس لیے اس میں شہد یا چینی نہیں ڈالی جاتی۔

آم اور انناس کا شیک

اجزاء:آم(خُوب پکا ہوا)چھوٹے ٹکڑے دو کپ، انناس چھوٹے ٹکڑے ایک کپ، اورنج جوس ایک کپ اور برف کے کیوبز۔

ترکیب:پہلے آم اور انناس کے ٹکڑوں کو بلینڈر میں ڈال کر تھوڑا سا بلینڈ کرلیں،پھر اورنج جوس شامل کرکے مزید بلینڈ کریں۔ اب جگ میں نکال کر برف کے ٹکڑے ڈال لیں۔

لیموں کا شربت

اجزاء:لیموں 2عدد، پانی تین کپ، شہد ڈیڑھ کھانے کا چمچ اور برف۔

ترکیب:لیموں کے بیج نکال کے پانی میں نچوڑ دیں اور شہد شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔ بہترین شربت تیار ہے۔ اگر اسی شربت میں ایک چٹکی نمک ڈال دیں، تو جسم سے نمکیات کی کمی بھی دُور ہوجاتی ہے۔

اسٹرابیری شیک

اجزاء:اسٹرابیری دس عدد، دودھ دو کپ، لال شربت ایک بڑا کھانے کا چمچ اور برف۔

ترکیب:اسٹرابیری کاٹ کے دودھ اور لال شربت کے ساتھ بلینڈکرلیں۔ فرحت بخش اسٹرابیری شیک تیار ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین