لاہور،ساہی وال /سرگودھا(خصوصی نمائندہ، نامہ نگار)صدر مسلم لیگ ن اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سرگودھا میں دریائے جہلم پر لنگر والا پتن تا ساہیوال ہائی لیول پل کا افتتاح کیا۔ لنگروالا پتن تا ساہیوال2100فٹ طویل ہائی لیول پل کی تعمیر پر 3 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ہائی لیول پل ضلع سرگودھا اور ضلع خوشاب کی 27 لاکھ سے زائد آبادی کو سفری سہولت فراہم کرے گا۔ہائی لیول پل کی تعمیر سے سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے درمیان مسافت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔پل کی تعمیر سے علاقے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔پل کی تعمیر سے عوام کی ہسپتال، سکول، کالج اور یونیورسٹیوں تک رسائی آسان ہوگی۔ شہبازشریف نے لنگر والا پل کے افتتاح کے بعد اس کا معائنہ کیااور تعمیر کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔انہوں نےپل کے افتتاح کے بعد سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کے سٹیڈیم میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بھارت کو معاشی، معاشرتی میدان میں شکست دینگے، مداری ، زرداری او رنیازی اکٹھے ہوگئے، کرپٹ آدمی کا احتساب نہ ہوا تو پاکستان آگے نہیں بڑے گا، چلچلاتی دھوپ اور روزے کے ساتھ عوام کا جم غفیر یہ گواہی دے رہاہے کہ آنے والا الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن کاہے اور یہ الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن ہی جیتے گی-انہوں نے کہاکہ 2013ء میں محمدنوازشریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا بجلی کی بنا پر ہونے والے اندھیرے دور کریں گے اور اللہ تعالی کا بے پایا ں فضل و کرم ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پورا زور لگایا ، وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے بجلی کے منصوبوں میں کئی سو ار ب روپے کی سرمایہ کاری کی -