• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر انکم سپورٹ، تقسیم گندم میں بدنظمی ، چیف جسٹس ہائیکورٹ کا ازخود نوٹس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے بے نظیر انکم سپورٹ اسکیم کے تحت مٹھی میں گندم کی تقسیم کے دوران شدید بدنظمی پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ ،ڈپٹی کمشنر مٹھی اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ اینڈ کنٹرول کو طلب کرلیاہےجبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مٹھی سے بھی 25 مئی تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے مقامی اخبارات میں خبروں کا بھی نوٹس لیتےہوئے ڈسٹرکٹ گھوٹکی کے بنیادی مرکز صحت میں سہولیات کی عدم فراہمی اور سکھر کے غریب خاندان کے بچے کو علاج معالجہ کے انتظامات نہ ہونے سے متعلق متعلقہ سیشن جج صاحبان سے رپورٹ طلب کی ہے ،مقامی اخبار کی خبر کے مطابق ڈسٹرکٹ گھوٹکی کی تحصیل اباڑو میں واقع بنیادی مرکز صحت میں مریضوں کے علاج معالجہ میں شدید مشکلات اور دشواری کا سامنا ہے ،مرکز صحت میں ڈاکٹرز، دوائیں اور ایمبولینس کی سہولیات باالکل نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گھوٹکی کو حکم دیاہےکہ تین روز میں مرکز صحت سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں جبکہ دوسرے مقامی اخبار کی خبر کے مطابق سکھر کے ایک غریب خاندان کو اپنے بچے خالد حسین جو کہ گردوں کی مرض میں لاحق ہے اور رقم نہ ہونے کے باعث علاج معالجہ کرانے سے قاصر ہیں۔ چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکھر کو حکم دیاہےکہ بیمار بچے کے خاندان سے ملاقات کرکے تمام معلومات حاصل کی جائیں اور تفصیلی رپورٹ تین روز میں جمع کرائیں۔
تازہ ترین