اسلام آباد (وقار ستی)متفقہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کامعاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان طے شدہ ملاقات نامعلوم وجوہات کی بناء پرمنسوخ کردی گئی۔ خورشید کا کہناہے کہ اب وزیراعظم سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ملاقات نہیں ہوگی،وزیراعظم ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں۔خورشید شاہ نے جیونیوز کو بتایا کہ ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ ہم بھی ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دیئے جبکہ حکومت نےخود ججز کے نام نگراں وزیراعظم کے طور پر پیش کیے جو وعدہ خلافی ہے۔میں اپنی پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے سپیکر سردار ایاز صادق کو پارلیمانی کمیٹی کےلئے نام جلد تجویز کردونگا اور ممکنہ طور پر پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔دریں اثناءجمعرات رات گئے زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کا اعلی سطح اجلاس آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں ہو ا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، شیری رحمان،نیئر بخاری ،نوید قمر ، چوہدری منظور، اخونزادہ چٹان، فرحت اللہ بابر اور دیگر نے شرکت کی اور نگراں حکومتوں کے قیام کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔