• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گھر کی تزئین و آرائش جو بڑھائے گھر کی شان

ہر شخص اپنے لیے بہترین گھر اور اس کے اندر دنیا کی بہتر سے بہترین آسائشیں چاہتا ہے۔ تاہم ایک بات یاد رکھنے کی ہے کہ گھر کی تزئین وآرائش کے لیے پیسوں سے زیادہ ذہن اور ہنر کا ہونا ضروری ہے، کیوں کہ تزئین و آرائش پیسوں کے خرچ کرنے سے زیادہ ایک آرٹ ہے۔گھر کوفرنش کرنا ہمیشہ ایک ایسا کام ہوتاہے، جو ہمیں جوش و جذبہ اور حوصلہ افزائی دیتا ہے۔ گھرکی تزئین و آرائش اور اپ۔

گریڈیشن کوئی سادہ اور آسان کام نہیں ہے، اس کا تعلق ہمارے جمالیاتی ذوق، جدید ٹرینڈز سے ہونے کے علاوہ، ایک اور چیز بھی اس میں کردار ادا کرتی ہے، وہ یہ کہ ہم گھر کی تزئین و آرائش اور اپ۔گریڈیشن کس طرح کریں کہ اس سے گھر کی ویلیو بھی بڑھ جائے۔ اس کے لیے اچھی منصوبہ بندی ضروری ہےکیونکہ اس سے ہمیں اخراجات کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور مختلف عناصر کی تلاش کے عمل کے دوران ہمیں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔

ضروریات کی ایک فہرست بنائیں

ایک بار جب گھر کی تزئین و آرائش کے لیےایک بجٹ مختص کردیں تو دوسرے مرحلے میں آپ کو ان عناصر کی ایک فہرست تیار کرنا پڑے گی، جن کی آپ کو گھر کی تزئین و آرائش کے لیےضرورت پڑنے والی ہے، ترجیحات کا آرڈر قائم کرنا ہوگا۔

آپ کے پاس پہلے کیا ہے، اسے مت بھولیں

سب سے پہلی چیزجو آپ کو کرنی ہے، وہ یہ ہے کہ آپ ان چیزوں کی ایک چھوٹی انوینٹری بنائیں، جو آپ کے پاس پہلے سے موجود ہیں۔ اس کے بعد آپ ان چیزوں کے رکھنے کے لیے فلور پلان بنائیں، جو آپ خریدنا چاہتے ہیں، اس کے لیے آپ کو ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

توازن ضروری

تزئین و آرائش کے اس مرحلے پر بہت سے پہلوؤں میں تناسب قائم کرنا ضروری ہے۔ فرنیچر کے سائز اورکمرے کے طول و عرض کے درمیان تناسب، منتخب عناصر کی قیمتوں میں تناسب ، کیوں کہ سرمایہ کاری ہمیشہ بجٹ کے مطابق ہونی چاہیے۔ فرنیچر سادہ ضرور ہو لیکن معیار پر سمجھوتہ نہ کریں۔ آپ ڈیزائن اور رنگوں کے درمیان ہم آہنگی کو دیکھتے ہیں، تاکہ گھر کی شکل کچھ اس طرح سے نکھر کر سامنے آئے کہ دیکھنے والا دیکھتا رہ جائے۔

لیونگ روم کی سیٹنگ

اس سے زیادہ فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا لیونگ روم چھوٹا ہے یا بڑا،وہاں جو بھی صوفہ رکھیں، اس کا رنگ کمرے کی دوسری چیزوں کی شان بڑھاتا ہو، اس طرح وہاں رکھی ہوئی کرسیوں کا رنگ بھی ایسا ہو، جو دوسری چیزوں کو کامپلی منٹ کرے۔شیلف کا رنگ ایسا ہونا چاہے، جس میں رکھی ہوئی چیزیں واضح طور پر نظر آئیں اور کمرے میں دلکشی کا تاثرملے۔ٹی وی ٹرالی جدید طرز کی ہو تو اچھا تاثر ملتا ہے۔ اس کے آس پاس فرنیچر کو اچھی سیٹنگ کے ساتھ رکھیں، تا کہ کمرے کی خوب صورتی میں اضافہ ہو۔

درازوں کی ترتیب

درازوں سے کھیلنا بچوں کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ ان کی ترتیب کو تبدیل کر دیں۔ درازوں کے ہینڈلز کو تبدیل کر دیں اورپھر اثرات دیکھیں۔

پرانی الماریاں

اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو جگائیں۔پرانی الماریوں کوپینٹ کریں اور انھیں ایک نئی شکل میں پیش کریں۔

دیواریں

کسی بھی گھرمیں پہلی چیز جو ہماری توجہ کھینچتی ہے، وہ دیواریں ہیں۔ اس لیے اپنے گھر کی دیواروں کو داغدار اور گندا ہونے سے بچائیں۔ اپنے گھر کواپنی خواہش اور پسند کے مطابق پینٹ کریں اورگھر کے دلکش رنگوں سے لطف اندوز ہوں۔

دروازے

دروازے اور کھڑکیوں کو پینٹ کریں اور اپنے گھر کے مرکزی دروازے کو شاندار اور استقبالی بنائیں۔

صوفے کو دوبارہ بحال کریں

اپنے صوفہ سیٹ کی ترتیب کو تبدیل کریں،تازہ ترین رجحان پر عمل کریں اور دیکھیں کہ آپ کا گھر کتنا مختلف نظر آئے گا، اس تبدیلی کو آپ انتہائی خوشگوار محسوس کریں گے۔

تازہ پردے

اگر آپ نئے پردے نہیں لگا سکتے، تو پھر تازہ دھوئےہوئے اور خوشبودار پردے گھر میں تازہ تبدیلی لاسکتے ہیں۔

درست لائٹنگ

روشنی کسی بھی جگہ کی خوب صورتی اور آرام دہ اسٹائل پر اثر انداز ہوتی ہے۔باورچی خانے میں اس بات کا یقین کر لیں کہ کھانے پکانےکے لیے روشنی صحیح مقدار میں اس کے کاؤنٹر کے اوپر پڑ رہی ہے۔

ہوا اور روشنی

بھرپور ہوا دار اور قدرتی روشنی سے معمور گھر قدرتی طور پر پُرکشش ہوتا ہے۔ اگر آپ کے گھر میں مناسب تازہ ہوا اور روشنی کا گزر نہیں ہوتا تو ایک خوب صورت چھت والاپنکھا اور لٹکتا فانوس اس کی خوب صورتی کو کم ہونے سے بچا سکتا ہے۔

باورچی خانے کی درازیں

باورچی خانے کے نظم اور آپ کی زندگی کی سمت کو برقرار رکھنے میں اچھی طرح سے ڈیزائن شدہ باورچی خانے کی درازیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

گہرائی تک صفائی

ایک بار تھوڑی دیر جامع صفائی کرنے کے لیے گھر کے ہر ایک کونے اورخالی جگہوں کو تلاش کریں، وہاں آپ کو وہ گند اور مٹی نظر آئے گی، جسے آپ ناجانے کب سے نظرانداز کرتے چلے آئے ہیں۔

چمکدار شیشہ

ایک کامل چمکدار شیشہ آپ کے گھر کو روشن اور کشادہ بنا دے گا۔

باتھ روم گھر کا اہم حصہ

باتھ روم میں کم سے کم فرنیچر ہو تو بہتر ہے۔ چیزیں رکھنے کے لیے مناسب کبڈ اور لٹکانے والے ہُک موجود ہوں۔ شاور کے لیے مناسب جگہ ہو اور نل ،ٹوٹیاں وغیرہ صاف ہوں۔

کچن کی سیٹنگ

منفرد گہرے یا روشن رنگ، آپ جو بھی پسند کریں، آج کے جدید با ور چی خانے میں آپ کو ہر طرح کے رنگ میں بہترین ڈیزائن اور رنگ مل جائیں گے۔ آپ کچن کے رنگوں کے لحاظ سے برتن اور دوسری کچن کی چیزیں بھی لے سکتے ہیں۔ دیوار میں ہُک سے لے کر سلیب اور برتنوں سے لے کر فریج کے کلر تک، آپ تمام چیزوں کو اپنی پسند اور اسٹائل کے مطابق منتخب کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین