• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارباب خضر حیات کا وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو مناظرے کا چیلنج

پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب خضر حیات نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو پانچ سالہ دور حکومت پر مناظرے کا چیلنج دیدیا ۔پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ارباب خضر حیات نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت صحت ، انصاف ، تعلیمی نظام ، پولیس اور پٹواری کلچرکو بہتر بنانے کے ایجنڈے پر بر سر اقتدار آئی تھی مگر افسوس کہ مذکورہ اداروں کوٹھیک کرنے کی بجائے اس کا حلیہ ہی بگاڑ دیا گیا ہے وزیر اعلیٰ ان کی کا بینہ اور منظور نظر افسران نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں سوائے لوٹ مار کے کچھ بھی نہیں کیا ہے اور کرپشن کے ایسے ریکارڈ رقائم کئے گئے ہیں کہ تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے اور حکومت جانے کی دیر ہے کہ وزیر اعلیٰ اپنی کابینہ سمیت احتساب کے شکنجے میں ہونگے پشاور بی آرٹی ، پشاور بیوٹیفیکیشن اور سونامی بلین ٹری جیسے بڑے منصوبوں میں جس قسم کی ریکارڈ کرپشن کی گئی ہے تاریخ میں اسے سیاہ حروف سے لکھا جائے گا اسی طرح خیبر پختونخوا کے معدنیات کو جس طرح سے جہانگیر ترین کے جہاز کے ایندھن کیلئے تباہ کیا گیا ہے وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ۔ ارباب خضر حیات نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جس طرح سے تحریک انصاف کے اکیس ارکان اسمبلی بھیڑ بکریوں کی طرح بکے ہیں جس میں کچھ وزراء بھی شامل تھے تو اگر وہ اپناضمیر تین چار کروڑ کے لئے بھیچ سکتے ہیں تو پانچ سالوں میں عمران خان اور پر ویز خٹک کی چھتری کے نیچے انہوں نے اور کتنی لوٹ مار کی ہو گی۔ ارباب خضر حیات نے کہا کہ پولیس کا نظام درہم برہم کر دیا گیا یہاں تک کہ پولیس کے پاس اپنی جان بچانے کیلئے بلٹ پروف جیکٹ تک نہیں اور نہ ہی انہیں وردی اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا گیا اور نہ ہی تھانوں کی حالت زار پر کوئی توجہ دی گئی اسی طرح سرکاری سکولوں کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں بھی جو کچھ کیا گیا ہے عوام انہیں بھولے نہیں ہے اور پٹواری کلچرل کو درست کرنے کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے اب بھی پیسے دئے بغیر فرد نمبر تک لینا نا ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کسی بھی فورم پر میرے ساتھ اپنی حکومتی کارکردگی پر مناظرہ کر لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جا ئے گا ۔
تازہ ترین