• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رمضان المبارک میں ..... کھجور جیسی نعمت کا بھر پور مزہ لیں!

رمضان المبارک میں ..... کھجور جیسی نعمت کا بھر پور مزہ لیں!

کھجور ایک قدیم پھل ہےجو زیادہ ترمصر اور خلیج فارس کے علاقوں میں پایا جاتاہے۔کھجور کا استعمال مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا میں ہزاروں سال سے ہو رہاہے۔عرب ممالک میں اس کی بہت سی اقسام پائی جاتی ہیں۔جبکہ دنیا کی سب سے اعلیٰ کھجور عجوہ ہے جو سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ اور اس کے مضافات میں پائی جاتی ہے۔ کھجور کا درخت دنیا کے اکثر مذاہب میں مقدس مانا جاتا ہے۔طبی تحقیق کے مطابق کھجور ایک ایسی منفرد اور مکمل خوراک ہے جس میں ہمارے جسم کے تمام ضروری غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

رمضان المبارک میں افطار کے وقت کھجور کا استعمال اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ،چونکہ دن بھر فاقہ کے بعد توانائی کم ہوجاتی ہے اس لیے افطاری ایسی مکمل اور زود ہضم غذا سے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو زیادہ سے زیادہ طاقت و توانائی فراہم کرسکے اور کھجور یہ تمام مقاصد فوراً پورا کردینے کی اہلیت رکھتی ہے۔

افطارکے موقع پر کھجور استعمال کرنے کی سب سے بڑی حکمت یہ ہے کہ کھجور کی مٹھاس بھوک کی شدت کو بڑی حد تک کم کر دیتی ہے اور اس سے روزہ کھولنے کے بعد بہت زیادہ کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔کھجور کھانے سے عمر میں اضافے کے ساتھ نظر کی کمزوری کو بڑی حد تک روکا جا سکتا ہے، خاص طور پر رات کے وقت اندھے پن کی شکایت رفع کرنے میں کھجور کی افادیت مسلم ہے۔ کھجور کی اہمیت و افادیت کو زیر غور رکھتے ہوئے اس سے بنے چند کھانے قارئین کے پیش نظر ہیں:

کھجور کا حلوہ

اجزاء:

کھجور ۔آدھا کلو

اخروٹ ۔ایک پیالی

مارجرین۔چار کھانے کے چمچ

چینی۔آدھا پیالی

ناریل۔ایک پیالی

بسکٹ ۔ایک پیکٹ

کریم ۔دو پیالی

ترکیب:

کھجور سے گٹھلی نکال کر کھجور کا گودا بنائیں اور ساتھ ہی اخروٹ باریک کاٹ کر رکھیں۔اب دیگچی یا کڑاہی میں مارجرین کو ہلکا سا گرم کرکے اس میں کھجور کا گودا ڈال کر بھون لیں۔جب وہ گاڑھا ہو جائے تو اس میں چینی اور پسا ناریل شامل کرکے پانچ منٹ بھونیں۔پھر بسکٹ کو چورا کرکے ملا دیں۔ساتھ ہی اخروٹ بھی ڈال کر چمچ سے اچھی طرح ملا لیں۔اب ایک تھالی میں ذرا سی چکنائی لگا کر اس میں حلوہ پھیلا کر جما دیں۔اس کے بعد دو پیالی کریم کو اچھی طرح پھینٹ کر گاڑھا کریں اور حلوے پر پھیلائیں۔آخر میں اوپر تھوڑے سے اخروٹ ڈال کر گارنش کرلیں اور چوکور ٹکڑے کاٹ کر سرو کریں۔

تلے ہوئے انڈے اور کھجور

اجزاء:

انڈوں کے لیے:

مکھن۔پچاس گرام

کھجور(بغیر گھٹلی کے)۔ایک کلو

دار چینی پاؤڈر۔پانچ گرام

انڈے۔تیس عدد

سجاوٹ کے لیے:

بریڈ ٹوسٹ۔تیس عدد

پودینا۔پندرہ گرام

ترکیب:

انڈوں کے لیے:

ایک چھوٹے نان اسٹک پین کو ہلکی آنچ پر گرم کر کے اس میں مکھن پگھلائیں۔ کھجور شامل کر کے آہستہ آہستہ پکائیں یہاں تک کہ کھجور نرم ہو جائیں اور گٹھلیوں سے علیحدہ ہونے لگیں۔ پھر دار چینی شامل کر کے آدھا مرکب علیحدہ رکھ لیں۔ پھر3انڈے فی حصہ ڈالیں اور کھجور کے ساتھ ہلکی آنچ پر پک جانے تک فرائی کریں۔

سجاوٹ کے لیے:

ڈبل روٹی کے ٹوسٹ کو پلیٹ میں رکھیں اور اُوپر انڈے رکھ دیں۔علیحدہ کی ہوئی کھجوروں اور پودینے سے سجائیں ۔

کھجور کے رولز

اجزاء:

کھجور( گٹھلیاں نکال دیں ) ۔ 200 گرام

سادہ کیک کا چورا ۔ 150 گرام

کشمش ۔ 50 گرام

ویفرز کا چورا ۔ 150 گرام

دار چینی (پسی ہوئی) ۔ آدھا چائے کا چمچ

کوکو پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

تِل ۔ 100 گرام

مکھن۔ 4 کھانے کے چمچ

بٹر پیپر۔ حسبِ ضرورت

ترکیب:

کیک، کھجور، بسکٹ کا چورا، دار چینی،کوکو پاؤڈراور مکھن کو ملا کر اچھی طرح یکجان کرلیں۔ آخر میں کشمش ملا دیں۔ اب اس آمیزے کے2حصّے کرکے لمبائی کے رخ پر رول کرلیں۔ ایک ٹرے میں تل پھیلا دیں اور کھجور کے رولز کو ان تلوں پر پھیریں تاکہ تمام تل رول پر اچھی طرح لگ جائیں۔ بٹر پیپر رول پر اچھی طرح لپیٹ کر رولز کو فریزر میں رکھ دیں۔ جب رولز بلکل سخت ہوجائیں تو نکال کر بٹر پیپر ہٹا کر اس کے آدھے انچ موٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ یہ ڈیٹس رولز افطاری کے وقت کے لئے بہترین ہیں۔

کھجور کا ملک شیک

اجزاء:

کھجورــــــــــــــــــــــــ۔پانچ عدد

دودھ۔ ــــــــــــــــــــــ ایک گلاس

الائچی۔ ــــــــــــــــــــــ دو عدد

شہد۔ ــــــــــــــــــــــ ایک چمچ

ترکیب:

کھجور اگر سخت ہو تو اس کو آدھ گھنٹہ پانی میں بھگو دیں ۔ اس کے بعد گٹھلی نکال دیں اور چھلکا اگر سخت ہے تو اتار دیں۔ الائچی کے دانے نکال کر باریک کوٹ لیں۔ اب کھجوروں ،شہد اور دودھ کو شیکر میں ڈال کر دو منٹ تک شیک کر لیں۔ گلاس میں نکال کر الائچی کا سفوف شامل کریں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں ۔

کھجور کی پڈنگ

اجزاء:

کھجور (خشک)۔ دو پیالی

دودھ ۔چار پیالی

چینی۔تین چوتھائی پیالی

مکھن۔ کھانے کا ایک چمچ

کیک کے ٹکڑے ۔دو پیالی

نمک۔ چائے کا چوتھائی چمچ

انڈے۔ تین عدد

کارن فلور ۔کھانے کا ایک چمچ

ونیلا ایسنس۔ کھانے کا آدھا چمچ

ترکیب:

خشک کھجوریں رات کو دو پیالی پانی میں بھگو دیجئے۔ صبح کو ان کی گٹھلیاں نکال لیجئے اور ان کے ٹکڑے کر کے انہیں پڈنگ کے سانچے میں رکھئے۔کیک کے ٹکڑوں کو آدھے گھنٹے کے لئے دودھ میں بھگو دیجئے۔چینی ، مکھن، نمک اور انڈے ملا کر خوب اچھی طرح پھینٹ لیجئے پھر اسے کیک اور دودھ کے آمیزے میں شامل کر کے اور اچھی طرح پھینٹ کر کھجوروں کے اوپر ڈال دیجئے اور سانچے کا منہ بند کر دیجئے۔

ایک چوڑے منہ والی پتیلی میں اتنا پانی ڈالیے کہ سانچے کا برتن آدھا پانی کے اندر اور آدھا پانی کے باہر رہے۔ پتیلی کاڈھکنا بند کر کے چولہے پر چڑھا دیجئے۔20منٹ تک پکانے کے بعد سانچے کا منہ ذرا ساکھول کر سلائی یا تنکاڈال کر دیکھئے۔تنکا یا سلائی صاف باہر آجائے تو پڈنگ تیار ہے ورنہ مزید پکائیے۔ جم جائے ، تو اتار لیجئے اور ٹھنڈی ہونے دیجئے۔کارن فلور1پیالی میں حل کر کے ہلکی آنچ پر پکائیے۔ جب گاڑھا ہو جائے تو اتار کر پڈنگ کے اوپر ڈال دیجئے۔ ٹھنڈی ہو جائے تو نوش فرمائیے۔

کھجور اسموتھی

اجزاء:

کھجور ۔دس عدد

کافی۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

چاکلیٹ ساس۔ دو چائے کے چمچ

دہی ۔آدھا کپ

دودھ۔ آدھا کپ

ترکیب:

بلینڈر میں کھجوریں، کافی، چاکلیٹ ساس اور دہی ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اب اس میں دودھ شامل کرکے دوبارہ بلینڈ کریں۔پھر گلاسوں میں ڈال کر ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین