نیویارک (جنگ نیوز) نیویارک میں حکام نے ہالی وڈ کے پروڈیوسر ہاروی وائن اسٹائن پر ریپ اور دو خواتین کی جانب سے متعدد جنسی حملوں کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کر دی ہے۔ہاروی نے جمعے کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا۔نیویارک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ʼ ہاروی وائن سٹائن کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان پر دو مختلف خواتین کی جانب سے ریپ اور غیر قانونی سیکس، جنسی حملے اور نامناسب جنسی رویہ برتنے کا الزام لگایا گیا ہے۔پولیس کے اعلامیے میں ان دونوں خواتین کا شکریہ ادا کیا گیا ہے اور ان کی بہادری کی داد دی گئی ہے کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے سامنے آئی ہیں۔ خواتین کے نام سامنے نہیں آئے تاہم امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ بعض الزامات کا تعلق اداکارہ لوسیا ایونز سے ہے۔66 سالہ وائن سٹین پر جنسی حملے، ریپ اور ہراساں کیے جانے کے متعدد الزامات ہیں جبکہ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے کسی کے ساتھ بھی بغیر رضامندی کے سیکس نہیں کیا اور یہ پہلا موقع ہے کہ ان پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔