• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ سوال کیوں کر رہے ہو: مراد علی شاہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ---اسکرین گریپ
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ---اسکرین گریپ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل لرننگ، کھیل اور ہنر مندی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

کراچی میں این جے وی اسکول میں عالمی یوم اطفال کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہماری پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں یہ اسکول چلایا گیا، ہماری اور مینجمنٹ بورڈ کی سوچ سے بھی بہتر اس اسکول کو پایا اور اس اسکول جیسا معیار نجی اسکولوں میں بھی نہیں ہوتا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہاں 1947ء کا سندھ اسمبلی کا ہال ہے، جب ہال کے اندر گیا تو لگا اقوام متحدہ میں آ گیا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر سے لوگ یہاں پڑھنے آرہے ہیں، ہم نے میہڑ میں بھی ایک اسکول دیا ہے، میہڑ سے بچے بھی یہاں آرہے ہیں اور یہ وہ بچے تھے جو گھروں سے نہیں نکلتے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب بچوں کو نہیں کہہ سکتے کہ سوال کیوں کر رہے ہو، آپ کو جواب دینا پڑھتا ہے، ہماری نسل پیچھے رہ چکی ہے لیکن امید ہے ہمارے بچے ہم سے زیادہ بہتر کام کریں گے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ طلبہ میں تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور عملی مہارتیں پیدا کرنا ضروری ہے اور طلبہ مطالعہ کریں، نئی چیزیں دریافت کریں، سوالات پوچھنے سے نہ گھبرائیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا ہے کہ طلبہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں اور ایک دوسرے کی مدد کریں اور اپنے مقاصد کےحصول کے لیے محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں۔

قومی خبریں سے مزید