سرگودھا ( آن لائن ) سرگودھا کے حلقہ این اے 90 کے ٹکٹ کے معاملے پرجہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی آمنے سامنےآگئے ہیں۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نادیہ عزیز نے این اے 90 کے لئے ٹکٹ ملنے کے وعدے پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جہانگیر ترین نے ان سے یہ وعدہ کیا تھا۔ اس حلقہ میں پی ٹی آئی کے رہنمائوں نے پانچ سال سے پاکستان تحریک انصاف کا سیکرٹریٹ چلانے والے ممتاز کاہلوں کو نظر انداز کر کے نئی آنے والی امیدوار کو ٹکٹ دینے کی کھل کر مخالفت کی ۔ ممتاز کاہلوں نے جہانگیر ترین کے گھر کے باہر دھرنا بھی دیا، بعد میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تو شاہ محمود قریشی نے ان کی حمایت کا اعلان کیا اورپرانے ورکرز کو ٹکٹ دلوانے کی یقین دہانی کروائی ۔ اس طرح اس معاملے میں جہانگیر ترین اورشاہ محمود قریشی کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔