• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
  
پاکستان اسکول، بحرین میں تقسیم انعامات
قائم مقام،سفیر مرادعلی وزیر، پرنسپل عتیق الرحمن اوردیگر اساتذہ کا جونیئر کلاس کے طلباء کے ساتھ فوٹو

پاکستان اسکول، بحرین کے بورڈآف مینجمنٹ اورانتظامیہ نےتعلیمی عمل میں طلباوطالبات کی حوصلہ افزائی اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کے لیےگزشتہ دنوں تقریب کا انعقادکیا گیا۔سالانہ امتحان 2017 اور 2018ء میں اپنی اپنی کلاس میں پہلی ،دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والے عیسٰی ٹاؤن اورمنامہ سیکشن کے ایل کے جی سے تیسری جماعت کے طلباوطالبات کو سرٹیفیکیٹ اور انعامات دینے کے لیے پاکستان اسکول کےکیمپس کے ایوان جناح میں دو شاندار تقاریب کااہتمام کیا گیا۔ جونئیرسیکشن کے مذکورہ طلبا و طالبات کے لیے پہلی تقریب دوپہر میں ہوئی ،جونئیر کے سیکشن کو اول تاسوم کلاسز کے طلبا و طالبات سرٹیفیکیٹس اور انعامات دئیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان برائے بحرین میں قائم مقام سفیراورہیڈ آف چانسری مرادعلی وزیرتھے،جبکہ مہمان اعزازی جدہ (سعودی عرب) سے تشریف لائے ہوئے شاہدنعیم تھے۔اس تقریب میں امتیازی درجہ حاصل کرنے والے تیس30طلباوطالبات کوانعامات دئیے گئے ۔اس موقعے پر انعامات حاصل کرنے والے بچوں کے والدین بھی شریک تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین سمیع الرحمٰن نے کہاکہ حوصلہ افزائی کاعمل طلبا کی تعلیمی کارکردگی کو نہ صرف بہتر بناتاہے بلکہ اس کابراہ راست ان کے نتائج پربھی مثبت اثر مرتب ہوتاہے ۔ہماری پالیسی یہ ہےکہ امتحانی نتائج اوردیگرسرگرمیوں کےحوالے سے انعام وتعریفی اسناد سے طلباکی حوصلہ افزائی کی جائے۔ واضح رہے کہ بحرین پاکستان اسکول میں 20 ممالک کے بچے زیرتعلیم ہیں ۔جواسکول کی کامیاب تعلیمی پالیسی کی دلیل ہیں۔ مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے ناظم الامور مرادعلی وزیرنے بھی والدین اوربچوں کواعلیٰ امتحانی کارکردگی پر نہ صرف مبارکبادپیش کی بلکہ پاکستان اسکول کی روزافزوں تعلیمی ترقی پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ سمیع الرحمان اور پرنسپل عتیق الرحمان کو بھی مبارک باد پیش کی اورکہا کہ اس ترقی کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ طلبہ کے ساتھ ساتھ والدین بھی اس تعلیمی عمل میں شریک ہیں جس کے اچھے اثرات بچوں کی تعلیم پر بھی پڑتے ہیں۔اس تقریب میں پاکستان اسکول منامہ سیکشن سے ایل کے جی تا جماعت سوئم کے مختلف سیکشنوں کے 39طلبہ و طالبات کو سر ٹیفیکیٹس اور انعامات بھی دیے گئے۔تقسیم انعامات کی تقریب کا پہلا مرحلہ مہمان خصوصی مراد علی وزیر ، سمیع الرحمان، پرنسپل عتیق الرحمان اور رکن مینجمنٹ محمد نسیم کے ہاتھوں انجام پایا،جبکہ تقسیم انعامات چیئرمین بورڈ کے ہمراہ وائس چیئرمین بورڈ شاہجہاں خان اور والدین کے ہاتھوں پایہ تکمیل کو پہنچا۔ تقریب کے منتظم احمد امیر پاشا اور مس فوزیہ نورین تھیں۔

(احمد امیر پاشا، بحرین)

تازہ ترین