• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
افطار پارٹی ہوجائے...!!

ہر اتوار ہی، ہم آپ کے ’’افطار دسترخوان‘‘ کی رونق بڑھانے کے لیے کچھ منفرد و ذائقے دار تراکیب پیش کررہے ہیں، تو لیجیے، اس بار، ذرا حیدرآبادی انداز کی مزےدار تراکیب سے اپنا دسترخوان کچھ اور خاص، کچھ مزید ذائقے دار بنائیں۔

بینگن کے پکوڑے

اجزاء:بینگن ایک پائو،سُرخ مرچ، سفید زیرہ، بیسن اور نمک حسبِ ضرورت اور تلنے کے لیےتیل۔

ترکیب:بینگن لمبائی میں کاٹ کر، ان پرسُرخ مرچ، نمک، سفید زیرہ لگا کر چند منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر بیسن گھولیں اور انھیں بیسن میں ڈبو کرتلتی جائیں۔لیجیے، بینگن کے ذائقے دار پکوڑے تیار ہیں۔

چکن چیز بالز

اجزاء:چکن(بون لیس)آدھا کلو، آلو(اُبال کر میش کر لیں)حسبِ ضرورت، چیز ایک کپ، لال مرچ حسبِ منشا، ہری مرچ(چوپ کرلیں)2عدد، کالی مرچ(پسی ہوئی)ایک چمچ،ڈبل روٹی کا چورا حسبِ ضرورت، انڈا ایک عدد، کارن فلور ایک چمچ اور تیل۔

ترکیب:چکن اُبال کراچھی طرح میش کریں اور آلو والے آمیزے میں شامل کردیں۔ اب اس میں تمام اجزاء مکس کریں اور30منٹ کے لیے رکھ دیں۔پھراس آمیزے کی چھوٹی چھوٹی بالز بنا کرپہلے پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوئیں اور پھر ڈبل روٹی کا چورا اچھی طرح سے لگاکر فرائی کرلیں۔ افطار پرکیچپ یا ہری چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

پالک کے پکوڑے

اجزاء:پالک کے پتے دس ،بارہ عدد،ہلدی آدھا چائے کا چمچ،بیسن ایک پیالی،انڈا ایک عدد،ہری مرچ تین عدد،سفید زیرہ (بُھنا اور پِسا ہوا) ایک چائے کا چمچ،لال مرچ(کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ ،نمک حسبِ ذائقہ،میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچ،دہی آدھا کپ اورتیل تلنے کے لیے حسبِ ضرورت۔

ترکیب:پالک کے پتّے دھو کر ہلدی والے پانی میں5 منٹ کے لیے بھگو دیں، پھر پانی سے نکال کر الگ رکھ دیں۔ ایک پیالے میں بیسن لیں اور اس میں انڈا، میٹھا سوڈا اور دہی شامل کردیں۔ اب اسے نیم گرم پانی سے اچھی طرح گھول لیں۔ اس کے بعد دیگر اجزاء بھی شامل کریں۔اب ایک ایک پتے کو بیسن میں ڈبو کر ڈیپ فرائی کریں۔جب سُنہری ہوجائیں، تو کڑاہی سے نکال کرٹشو پیر پر رکھ دیں۔ افطار میں چلی سوس کے ساتھ سَرو کریں۔

پستے کی کھیر

اجزاء:دودھ ایک کلو، پستہ(باریک کتر لیں)آدھا پائو، چینی آدھا کلو، چھوٹی الائچی چھےعدد،کھویا ایک پاؤ ،کیوڑا ایک چائے کا چمچ،بادام اور کھوپرا سجانے کے لیے حسبِ ضرورت۔

ترکیب:سب سے پہلے دودھ اتنا گرم کریں کہ تین پائو رہ جائے۔ اب اس میں کھویا اور پستے ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ پھر پِسی ہوئی چینی بھی شامل کرکے پکنے دیں،جب کھیر گاڑھی ہوجائے، تو چولھا بند کردیں اور ڈش میں نکال کر باریک کٹا ہوا بادام اور کھوپرا چھڑک دیں۔تھوڑی دیر باہر ہی ٹھنڈی ہونے دیں، پھر فریج میں رکھ دیں۔

(ممتاز سلطانہ،حیدرآباد)

تازہ ترین
تازہ ترین