• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز الیکشن لڑتی ہیں تو وہ ایم این اے ہونگی ، یہی انکا کردار ہوگا ، وزیراعظم

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے اختتام پر بیوروکریسی کا تعاون کم ہوجاتا ہے اور بہت سے ایسے کام ہیں جو آپ کرنا چاہتے ہیں وہ کرنا مشکل ہوجاتے ہیں۔گزشتہ روز ایک انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بیوروکریسی کے علاوہ اور کسی ادارے کی جانب سے ہمیں چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی جانب سے الیکشن کے دوران خطرات کا بیان اور بعد میں بیان واپس لینے کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ تاثر دینا غلط ہے کہ بیرونی قوت الیکشن سبوتاژ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر سنگل لارجسٹ پارٹی ن لیگ ہی ہوگی اور اس بات میں کوئی شک نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرتی ہے تو شہباز شریف صاحب فیصلہ کریں گے کہ پارٹی کا وزیراعظم کون بنے گا ۔ مریم نواز کا پارٹی میں کوئی حصہ نہیں لیکن اگر وہ الیکشن لڑتی ہے تو وہ ایم این اے ہوں گی اور یہی ان کا کردار ہوگا ۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا کام ہی تنقید کرنا ہے اور میں ان کی رائے کو اہمیت دیتا نہیں ہوں وہ روز ہی مختلف بات کرتے ہیں اور میں ان کی باتوں کو زیادہ اہمیت دیتا بھی نہیں ۔ سول ملٹری ریلیشن کے اوپر نیشنل ڈائیلاگ کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا پوری دنیا میں ہی اس تعلق کی حد غیر واضح ہوتی ہے پاکستان میں ایک ریوالونگ ریلیشن شپ ہے یہاں پر بڑی سیریز اور لانگ ٹرم تین مداخلتیں ہوئی ہیں ایوب خان ، ضیاء الحق اور مشرف کی ان سے ہمیں سبق سیکھنا ہے اور جو غلطیاں وہاں پر ہوئیں دونوں طرف سے سبق سیکھنا چاہئے اور مستقبل کا تعلق ان سے جو سیکھا گیا سبق ہوگا اس کی روشنی میں بنایا جانا چاہئے اور میری کوشش یہی رہی کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ ہوتی رہیں اور جو ایشوز بھی آتے ہیں وہ دونوں جانب سے حل کئے جائیں۔
تازہ ترین