کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ میں اگلے ماہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، بدھ کو ایدھی ہاکی اسٹیدیم میں ہونے والے حتمی ٹرائلز کے بعد چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے ٹیم انتظامیہ کی مشاورت سے ابتدائی طور پر 22کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ ہالینڈ میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ اور پانچ مختلف پریکٹس میچوں کے بعد چار کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا، کھلاڑیوں میں تین گول کیپرز عمران بٹ، مظہر عباس، اور ماجد علی شامل ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، حماد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد علی، تصور عباس، رضوان جونیئر، ابوبکر، عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ ،رضوان سینئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز، رانا سہیل، اور دلبر شامل ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سلیکٹر اصلاح الدین نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے ان پر ہاکی کے دروازے بند نہیں ہوئے ہیں وہ محنت کر کے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں ۔ ٹیم کے منیجر حسن سردار نے کہا کہ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر ہوا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی جیت کے حوالے سے ہیڈ کوچ نے پانچ فیصد امید کا اظہار کیا ہے وہ ان کی ذاتی رائے ہے، میری توقعات اس سے زیادہ ہیں، ہمارا ہدف وکٹری اسٹینڈ ہے۔ پنالٹی شوٹ آوٹ کے شعبے میں بہتری آئی ہے۔ ٹورنامنٹ 23جون سے یکم جولائی تک بریڈا میں کھیلا جائے گا۔ افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے مابین میچ 23جون کو ہوگا ۔24جون کو آسٹریلیا ،26جون کو ہالینڈ ، 28جون کو ارجنٹائن اور 29جون کو بیلجیم کے ساتھ ہوگا ۔ پاکستان تین بار چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے ۔ ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کی تیاریوں کا تیسرا مرحلہ 4جون سے ہالینڈ میں شروع ہوگا۔ڈراپ کیےگئےکھلاڑیوں میں فیصل قادر، عتیق ارشد، اور تنظیم شامل ہیں، رضوان سینئر کپتان اور حماد شکیل بٹ نائب کپتان برقرا رکھے گئے ہیں۔