• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاٹا کے انتخابات عام انتخابات کے ساتھ ہی کرائے جائیں، پرویز خٹک

عام انتخابات فاٹا کےساتھ ہی کرائے جائیں، پرویز خٹک

پشاور(ارشد عزیز ملک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھتے ہوئے خیبر پختونخوا میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا کے 21 حلقوں میں بھی انتخابات عام انتخابات کے ساتھ ہی کرائے جائیں۔پرویز خٹک نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عموماً اتحادی حکومتیں ہی بنتی ہیں اس لئے ایک سال بعد فاٹا میں پولنگ سے غیر یقینی سیاسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ فاٹا میں ایک سال بعد انتخابات اور ان کے نتائج سے حکومتی اکثریت متاثر ہو سکتی ہے دوسرے یہ کہ صوبہ میں جس جماعت یا اتحاد حکومت ہوگی وہ بھی فاٹا کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گا۔جس سے فاٹا میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکے گا ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن اس معاملہ پر فوری نوٹس لے اور پورے صوبہ میں ایک ہی الیکشن یقینی بنائے اس لئے قومی وسیع تر مفاد میں انتخابات ملتوی کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ 31 ویں ترمیم کو دیکھتے ہوئے خیبر پختونخوا میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے، دریں اثناء جنگ نے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ سے رابطہ کیا تو انہوںنے تصدیق کی کہ پرویز خٹک نے الیکشن کمیشن کو 27 مئی کو خط لکھا تھا جس میں وزیر اعلیٰ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا ریجن میں بھی انتخابات عام انتخابات کے ساتھ ہی کرائے جائیں تاہم انہوںنے الیکشن کے التواء کی کوئی بات نہیں کی ہے ۔

تازہ ترین