• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا مہینہ آتے ہی سحرو افطار کا اہتمام شروع ہوجاتا ہے۔گھروں میں جس طرح افطار کے لیے کھانے ذوق و شوق سے بنائے جاتے ہیں اسی طرح سحری کے لیے بھی خواتین بہت شوق سے کھانے پکاتی ہیں۔سحری میں پھینی دودھ کے ساتھ کھانا بہت پسند کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ حلوہ پوری، پائے، نان چنے ،مختلف طرح کے آملیٹ پراٹھا ، لسی اور ملک شیک سہری کا خاص حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ آج کل موسمی پھل کے لحاظ سے اسٹرابیری، آم ،کیلا اور کھجور کا ملک شیک خاص پیا جارہا ہے۔ خواتین گھر والوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے یہ تمام کھانے خاص گھر پر تیار کرتی ہیں۔ سحری میں بنائے جانے والے چندکھانوں کی ریسیپیز توجہ فرمائیں اور ان سے سحری کا لطف اٹھائیں۔

سری پائے

اجزاء۔

بکرے کے پائے۔ چار عدد

سری۔ ایک عدد

گھی۔ آدھا پاؤ

نمک۔ بیس گرام

سرکہ۔ ایک چوتھائی کپ

سرخ مرچ۔ سترہ عدد

خشک دھنیا۔ بیس گرام

ہلدی۔ دس ملی گرام

لہسن۔ دو گڈیاں

پیاز ۔آدھا پاؤ

دہی۔ ایک پاؤ

گرم مصالحہ۔ دس گرام (پسا ہوا)

ہری مرچ۔ دو تا چار عدد (کٹی ہوئی)

ہرا دھنیا۔ ایک چوتھائی گٹھی (باریک کٹا ہوا)

ادرک۔ ایک انچ کا ٹکڑا (باریک کٹا ہوا)

پانی۔ حسبِ ضرورت

ترکیب۔

1۔سری سے مغز علیحدہ کرکے باقی تمام گوشت کو الگ رکھ لیں۔

2۔پیاز کاٹیں اور اسے گھی میں تَل کر علیحدہ نکال لیں۔

3۔اب نمک، دھنیا، سرخ مرچ، لہسن کی آدھی مقدار، ہلدی اور پیاز کا مصالحہ پیس لیں۔

4۔نمک اور بقیہ لہسن کے جوے تھوڑے سے پانی میں ملا کر رکھ لیں۔

5۔گھی میں پسا ہوا گرم مصالحہ بھونیں۔

6۔جب یہ خوب لال ہو جائے اور گھی چھوڑنے لگے تو اس میں سرکہ، گوشت مغز اور پائے ڈال دیں۔

7۔جب تھوڑا بھن جائے تو نمک اور لہسن کا پانی ڈال کر پکائیں۔

8۔پھر دہی ڈال کر بھونیں اور گلانے کے لئے پانی ڈال کر چھ سے سات گھنٹے تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

9۔تیار ہونے پر گرم مصالحہ، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر سَرو کریں۔

جلیبی کی پڈنگ

اجزاء۔

جلیبی۔ آدھ پاؤ

دودھ۔ ایک لیٹر

انڈے ۔تین چار

چینی ۔آدھی چھٹانک

ایسنس۔ ضرورت کے مطابق

ترکیب۔

حسبِ ضرورت انڈوں کو توڑ کر سفیدی اور زردی کو الگ الگ خوب پھینٹیں، سفیدی میں چینی ڈال کر دوبارہ پھینٹیں ، کچھ دیر پھینٹنے کے بعد پھینٹی ہوئی زردی کو ملائیں اور یہ عمل جاری رکھیں۔ دودھ کو چولہے پر چڑھائیں اور اتنا پکائیں کہ آدھا رہ جائے ۔تیار شدہ مادے میں دودھ تھوڑا تھوڑا کر کے ڈالیں اور پھینٹتے رہیں یہاں تک کہ یک جان ہو جائیں جلیبیاں ٹکڑے ٹکڑے کر کے اس میں ملا دیں اور کچھ دیر تک پڑا رہنے دیں۔ اب اس ملغوبے کو سانچے میں ڈال کر اون میں پکا لیں یا پھر پانی سے آدھی بھری پتیلی میں سانچا رکھ کر چولہے پر چڑھا دیں۔ پڈنگ پکنے اور جمنے میں تقریباً آدھ گھنٹہ لگے گا۔ جم جائے تو اتار کر ایسنس ڈال دیں اور سرو کریں۔

پھینی

اجزاء۔

:بٹر کے لئے

گھی۔ آدھا کلو

یونی پف۔ آدھا کلو

:ڈو کے لئے

میدہ ۔آدھا کلو

پانی۔ ایک کپ یا حسب ضرورت

تیل۔ فرائی کرنے کے لئے

ترکیب۔

1۔گھی اور یونی پف کو پین میں دس منٹ گرم کریں۔

2۔پھر ایک گھنٹہ ٹھنڈا ہونے کے لئے چھوڑ دیں تاکہ مکھن تیار ہوجائے۔

نوٹ: اگر مکھن سخت ہوجائے تو تھوڑا آئل ڈال کر مکھن کو نرم کر لیں۔

3۔ڈو کے لئے: میدے میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈو گوندھ لیں۔ پانی کم یا زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے بس ڈو کو نرم ہونا چاہیے۔

4۔پھر ڈو کو ہاتھوں کی مدد سے گولائی میں ڈونٹ کی شکل میں گھمائیں۔

5۔اب اس پر مکھن لگائیں اور بیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں۔

6۔پھر ہاتھوں سے گولائی میں اس طرح رول کریں کہ چار گول رولز بن جائیں۔

7۔اب رولز کو پیڑے کے سائز میں کاٹ لیں۔

8۔پھر اس کے پراٹھے کے پیڑے کی طرح کے پیڑے بنا لیں اور ایک گھنٹے کے لئے چھوڑ دیں۔

9۔پھر ہاتھوں سے بیل لیں۔

10۔کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں پھینی ڈال کر فرائی کرلیں۔

11۔گرم دودھ میں ڈال کر سرو کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین