ماضی میں وا لدین یا گھر کے بزرگ بچے کی پیدائش پرہی اس بات کا ارادہ کرلیتے تھے کہ بچے نے بڑے ہوکر ڈاکٹر بننا ہے یا انجینئر ۔۔۔دوسری جانب اگر یہ بچہ لڑکا ہوا تو یہ بھی دیکھا جاتا تھا کہ وہ کچن میں تو نہیں جارہا کیونکہ کچن کے کاموںیا کھانے پکانے کی ذمہ داری صنف نازک کی جو ٹھہری۔۔وقت بدلا،کیریئرکے انتخاب کا طریقہ بدلااور دنیا کی تمام صنعتوں کی طرح کھانا پکانے کی صنعت نے بھی بھرپور ترقی کی۔۔۔اوریہی وہ تبدیلی ہے جس نے ملک کے پروفیشنل اور ووکیشنل اداروں میں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے،ان اداروں میں داخلے سے قبل ہی طلبہ کو مکمل آزادی ہوتی ہے کہ وہ اپنے رجحان اور پسند کے مطابق روایتی اور غیر روایتی تعلیم کا انتخاب کریں۔
اور بات ہو غیر روایتی تعلیم کی تو کوئی بھی معاشرہ ہوٹل مینجمنٹ، کوکنگ، شیف، ٹریول اینڈ ٹور ازم اور ریسٹورنٹ کے بزنس کی بنیادی تعلیم کے بغیر نہیں چل سکتا – ۔اگر اسٹارٹ سے آپ کا رجحان کوکنگ سائڈ پر ہے توآپ بطور شیف کیریئر اپنا مستقبل محفوظ کرسکتے ہیں ۔ملک بھر میں گزشتہ کئی سالوں سےہزاروں طلبہ وطالبات اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ماہرین کی نگرانی میں شیف کورسز مکمل کرتے ہیں جس کے بعدپاکستان سمیت دنیا بھر کے ہوٹلزمیں باآسانی اپنی خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔
کیا آپ میں بھی ایسی خصوصیات ہیں جن کے باعث آپ کو لگتا ہے کہ آپ بطور شیف اپنا کیریئر بنا سکتے ہیں اور اگر آپ ایسا سوچ رہے ہیں کہ صرف اچھا کھانے پکالینے یا ہاتھ میں ذائقے سے آپ ایک اچھے اور کامیاب شیف بن سکتے ہیں تو یہ غلط ہے کیونکہ ایک اچھا شیف بننے کے لیے اچھی کوکنگ اور ذائقہ کے ساتھ ساتھ کولینری اسکول سے ڈگری یا ڈپلومہ کورسز کا ہونا بھی بے حد ضروری ہے ،اگر آپ بھی ایسا ہی چاہتے ہیںتو پھر جانئے کہ وہ کون سے عوامل ہیں جو آپ کو ایک اچھا شیف بنانے میں کارآمد ہوسکتے ہیں۔
شیف ڈپلومہ کورسز
ایک کامیاب شیف بننے کے لیے تعلیم کی کوئی قید نہیں، بہت سےافراد کم تعلیم اور تجربہ کے ساتھ بھی بطور شیف اپنے کیریئر کا آغاز کرتے ہیں اور پھر جاری تعلیمی سلسلہ اور بڑھتا تجربہ انھیں مستقبل کا ایک بہترین شیف بننے کے قابل بنادیتا ہے۔تاہم اعلیٰ اور مہنگے ریسٹورنٹ بطور شیف ملازموںکے لیےاعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ چار سالہ ڈپلومہ کورسز کی ڈیمانڈ کرتے ہیں ۔ جس کے لیے خواہش مند افراد کوووکیشنل تربیت فراہم کرنے والے اداروں سے چھ ماہ سے لے کر چار سال تک ڈپلومہ کورسز کرنےپڑتے ہیں ،اس دوران یہ ادارے طلبہ کو غذائیت،مختلف کھانوں سے متعلق معلومات ،کھانے پکانے میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجیز،چھری یاچاقو پکڑنے کی مہارت ،کھانوں میںمسالوں کی مقداراور جدید کوکنگ اسٹائل سے متعلق تربیت فراہم کرتے ہیں ۔ساتھ ہی ان اداروں میں طلبہ کو ماہر اور نامور شیف سے ٹریننگ بھی دلوائی جاتی ہے۔یہ ادارے کورس کے اختتام پر طلبہ کو سرٹیفیکیٹ ،ایسوسی ایٹ ڈگری یا بیچلر ڈگری آف کولینری آرٹ یا سائنس کی ڈگری فراہم کرتے ہیں۔
انٹرن شپ کا حصول
طلبہ کے لیے بطور شیف کیریئر بنانے کا سب سے پہلا مرحلہ انٹرن شپ کا حصول ہے یہ انٹرن شپ آپ کے اردگرد ووکیشنل اداروں کے تعاون سے کسی ریسٹورنٹ میں کام کر کے حاصل کی جاسکتی ہے۔اس دوران آپ ماہر اور تجربہ کارشیف کے ساتھ کام کرکے جدید طریقوں اور ان کی فنی مہارتوں کو جان سکتے ہیں ۔یہ ریسٹورنٹ انٹرن شپ کے اختتام پر طلبہ کو سرٹیفیکیٹ فراہم کرتے ہیں جوانھیں کیریئر کی کامیابی میں بھی مدد دیتے ہیں۔
گھر پر پریکٹس کریں
ایک ماہر شیف کے بقول ’’ کوئی بھی انسان اگر کوئی کھانا جتنی مرتبہ بنائے گا تو بہت جلدوہ کھانا اتنا ہی مزیدار اور بہترین بنتا چلا جائیگا،،جی تو بہترین شیف بننے کے لیے ضروری ہے آپ اپنے بنائے ہوئے کھانے کی بار بار پریکٹس کریں جتنی پریکٹس ہوگی آپ کا کھانا اتنا ہی بہترین بنے گا۔
کوکنگ کا جنون موجود ہو
ایک بہترین شیف بننے کے لیے آپ میں ڈگری یا کسی سرٹیفیکیٹیشن کے حصول کے علاوہ کوکنگ کے لیے جنون موجود ہو۔کوکنگ کا جذبہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اچھے ریسٹورنٹ کا دورہ کریں، وہاں کے کھانے اور اجزاء پر توجہ مرکوز کریں ،ساتھ ہی کوکنگ میگزین اور شیف کی پروفائلز پڑھیں، یہ تمام چیزیں آپ کو ایک بہترین شیف بننے میں مدد دیں گی۔
کولینری آر ٹ پروگرام
کہا جاتا ہے کہ ایک شیف کے کھانے میںذائقہ ہونے کے ساتھ ترتیب اور پیش کرنے کا سلیقہ ہونا بہت ضروری ہے، ان دونوں باتوں کے لیے ووکیشنل ادارے طلبہ کے لیے کولینری آرٹ پرگرام پیش کرتے ہیں اس پروگرام میں چار طرح کی ڈگری طلبہ کو فراہم کی جاتی ہے ،ماسٹر ڈگری،بیچلر ڈگری،ایسوسی ایٹ ڈگری اور کولینری آرسرٹیفیکیٹ یا ڈپلومہ۔۔
جاب کے لیے اپلائی کریں
اگر آپ نے کولینری پروگرام میں ڈپلومہ کورسز کرلیے ہیں اور کچھ عرصہ کسی عام سے ریسٹورنٹ یا انٹرن شپ سرٹیفیکیٹ آپ کے پاس موجود ہے تو آپ کسی اچھے اور معیاری ریسٹورنٹ میں جاب کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں، اپنے پروگرام کے دوران ملنے والے ماہر شیف یا اساتذہ سے رابطہ کریں اور جاب کے لیے اپلائی کریں۔یورپ میں طلبہ سے انٹرویو کے دوران ایک دن فری میں ریسٹورنٹ میں کام کروایا جاتا ہے جس میں دیکھا جاتا ہے کہ آپ واقعی شیف بننے کے اہل ہیں یا نہیں۔