دنیا میں بہت سی لیجنڈری شخصیات یا سیلیبریٹیز ایسی ہوتی ہیں جو سماجی خدمات اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بھی سرگرم رہتی ہیں اور اپنی بے پناہ آمدنی سے اچھا خاصا حصہ انسانیت کی بھلائی کیلئے خرچ کرتی رہتی ہیں ،ان میں سے چند نمایاںشخصیات کا ذکرکرتے ہیں۔
راجر فیڈرر
راجر فیڈرر فائونڈیشن نے افریقی ملک ملاوی میں 81 اسکولز کھولنے کیلئے 13.5 ملین ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایک عرصےتک دنیائے ٹینس پر حکمرانی کرنے والے اور اس وقت کے ورلڈ نمبر2نے 2011 ء میں ملاوی میں بچوں کی تعلیم میں بہتری لانے کیلئے 10 سالہ پروگرام مرتب کیا تھا اور پہلے ہی سے ملک میں 80 اسکولز قائم کردیے تھے۔ اتنی خطیر رقم خرچ کرنے کے بعد فائونڈیشن کو امید ہے کہ 2021 تک ملاوی کے ڈیڑھ لاکھ بچوں کی زندگی بدلے گی۔ اسکول کا دورہ کرتے ہوئے فیڈرر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ بچوں کو زندگی کے ابتدائی سال ایسے مراکز میں گزارنے کاموقع ملنا چاہئے کیونکہ ابتدائی تعلیم ہی سیکھنے کی بنیاد بنتی ہے۔
راجر فیڈرر فائونڈیشن کے زیر ِ انتظام سوئٹرزلینڈ، ملاوی ، بوٹسوانا، نمیبیا، سائوتھ افریقہ ، زیمبیا اور زمبابوے میں پہلے ہی سے 15 پروگرام چل رہے ہیں۔ راجر فیڈرر فائونڈیشن کا عزم ہے کہ 2018 ء لاکھوں بچوں کی زندگی میں تبدیلی لائے جائے۔
شکیرا
کولمبیا کی اس اسٹار گلوکارہ نے1997 میں Fundación Pies Descalzos کی بنیاد رکھی تھی ۔یہ تنظیم جنوبی امریکہ میں بے گھر اور بے سہارا بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرتی ہے۔شکیرا کو 2010 میں صدر اوباما نے وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا جس کا مقصد بچوں کی ابتدائی نشوونما کے سلسلے میںبات چیت کرناتھا۔ 2011 میں شکیرا کوHispanics کی تعلیمی بہتری کے پروگرام کیلئے وائٹ ہائوس کا ممبر نامزد کیاگیا۔ گلوبل ایجوکیشن ایکشن کیلئے شکیرا دنیابھر کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے پروگرام میں بھی شامل رہی۔
جسٹن بیبر
کینیڈا کا یہ مشہور ٹین ایج گلوکار Pencils of Promise نامی تنظیم کا سپورٹر ہے ، جو تعلیم کے فروغ کیلئے اسکول قائم کرتی ہے ، ٹیچر ز کو تربیت دیتی اور ترقی پذیر ممالک میں اسکالرشپ فراہم کرتی ہے۔ یہ خیراتی تنظیم 2009 سے 2013 تک 252 اسکول تعمیر کرچکی ہے ۔ اس پروجیکٹ کو دیکھنے کیلئے جسٹن نے گوئٹے مالا کا دورہ بھی کیا تھا۔
ٹیلر سوئفٹ
2014 ء کی بیسٹ سیلنگ آرٹسٹ جب نیویارک شفٹ ہوئی تو اپنی ایک البم کی آمدنی اس شہر کے پبلک اسکولوں کو چیریٹی میں دے دی ۔ 2012 ء میں ناش ولی مین کنٹری میوزک ہال آف فیم میں ٹیلر سوئفٹ ایجوکیشن سینٹر کےلانچ کے موقع پر 4 ملین ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔ اسی سال امریکہ کے 6 کالجز کے میوزک ڈپارٹمنٹس کو 60 ہزار ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔
بین ایفلیک
ہولی ووڈ کے بیٹ مین بین ایفلیک کی شخصیت کے کئی پہلو ہیں ، وہ ایکٹر، رائٹر ، ڈائریکٹراور پروڈیوسر ہیں۔ دو آسکر اورتین گولڈن گلوب ایوارڈ ز کئی اعزازات کے مالک ہیں ۔ ان کو ایسٹرن کانگو انیشییٹو کےساتھ کام کرنے کے سلسلے میں پیپلز چوائس ایوارڈز 2015 میں فیورٹ ہیومیٹریئن کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے جس کا باعث تعلیمی اور صحت کے پروجیکٹس کے ذریعے متاثرہ بچوں کی فلاح کیلئے کام کرنا تھا۔