• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر و روہڑی سمیت گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری

سکھر و روہڑی سمیت گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) انتظامیہ کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی لوڈشیڈنگ سے شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں 12سے 14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے، سیپکو انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان المبارک سے قبل واضح طور پر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی اور ضرورت پڑنے پر انڈسٹریل فیڈرز کو بند بھی کرسکتے ہیں مگر سیپکو کے اس اعلان کے باوجود سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ بدستور جاری ہے، تراویح کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث نمازیوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے، متعدد مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو پریشانی سے بچانے کے لئے جنریٹرز، یو پی ایس چلائے جارہے ہیں ۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے، صبح سے لیکر رات تک زیادہ تر وقت میں بجلی غائب رہتی ہے، سیپکو انتظامیہ مختلف بہانے بناکر کئی کئی گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کررہی ہے، رابطہ کرنے پر افسران و اہلکار ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں۔ انہوں نے بالا حکام سے اپیل کی کہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر سیپکو کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

تازہ ترین