• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کی غیریقینی صورتحال،سینیٹ اجلاس 25 جولائی تک مسلسل چلایا جائے، رضا ربانی

الیکشن کی غیریقینی صورتحال،سینیٹ اجلاس 25 جولائی تک مسلسل چلایا جائے، رضا ربانی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات یقینی بنانے کیلئے سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے اور اجلاس 25 جولائی الیکشن ہونے تک جاری رکھا جائے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی قرارداد اور اعلیٰ عدالتوں کے بعض فیصلوں سے عام انتخابات کے بروقت انعقاد پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور اگر مقررہ وقت پر الیکشن نہ ہوئے تو وفاق پر گہرے سائے منڈلائیں گے، انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل میں رکاوٹ کی وجہ سے وفاق اور صوبوں میں سنگین تقسیم پیدا ہوگی، انتخابات بروقت نہ ہوئے تو صدر مملکت کے انتخابات کا شیڈول بھی متاثر ہوگا، صدر مملکت کی مدت ستمبر کے پہلے ہفتے میں مکمل ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق جمہوری عمل کے مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں رہ سکتا، عدلیہ انتخابی معاملات سے متعلقہ کیسز میں چیف جسٹس کے بیان کو مدنظر رکھے جس میں انہوں نے 25 جولائی کو بروقت انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف سینٹ ہی منتخب نمائندوں کا ایوان ہے ،سینٹ اجلاس میں عام انتخابات کے بروقت اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری قمر زمان کائرہ نے کہا کہ الیکشن کا التوا بہت سارے شکوک و شبہات اور عوامی مایوسی کو بڑھائے گا، انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے اور قائمقام وزیر اعظم یا چیف جسٹس صاحب کی یقین دہانی کے باوجود الیکشن پر ابھی بھی التوا کے سائے لہرا رہے ہیں۔ 2جون سے کاغذات نامزدگی فائل ہونے تھے اور ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کاغذات نامزدگی کون سے ہونگے۔جس طرح ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ کاغذات نامزدگی تبدیل ہونگے تو پھر یقینا نئے شیڈول کا اعلان ہوگا ۔ہم یہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی بہانے سے التوا نہیں ہونا چاہیے ،الیکشن وقت پر منعقد ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں اس کے اوپر بھی عدالت اور الیکشن کمیشن کا آپس میں اختلاف ہے ،اس معاملے کو بھی جلد از جلد حل کرنا چاہیے ۔ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ الیکشن وقت پر کرائے جائیں۔

تازہ ترین