اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سےاسپین کے سفیر کارلوس مورالز نے غیر رسمی ملاقات میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس موقع پر اعزازی قونصلیٹ کمبوڈیا سالک حسین، آسٹریا کے اعزازی قونصلیٹ عبادالرحمن، اعزازی قونصلیٹ برازیل ایڈووکیٹ اعجاز احمد چودھری، شافع حسین، میاں مصباح الرحمن، پی جے میر، جاوید چٹھہ، رانا خالد اور دیگر موجود تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان اور سپین کے درمیان تعلقا ت کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ سپین کے سفیرنے چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ا دا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کااسلامی دنیا میں بڑا مقام ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ جس طرح ترکی نے ترقی کی اسی طرح پاکستان بھی زیا دہ سے زیادہ ترقی کرے۔ انہوں کے کہا کہ پہلے پی آئی اے فلائٹ بارسلونا تک جاتی تھی پتہ نہیں کیوں اسے بند کر دیا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ فلائٹ دوبارہ چلے۔ انہوں نے چودھری شجاعت حسین کو سپین کے دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔